غربت اور تعلیمی پسماندگی اہم مسائل، 58 لاکھ خاندان سلم علاقوں میں مقیم
حیدرآباد ۔18۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے پرانے شہر میں عوام کو درپیش مسائل پر ڈکلیریشن جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر مشتمل ڈکلیریشن کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔ پرانے شہر میں کئی دہوں سے عوام کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ حالیہ عرصہ میں عوامی مسائل اور عوام کی معیاری زندگی کا جائزہ لینے کے لئے کئی سروے منعقد کئے گئے ۔ رضاکارانہ تنظیموں اور سماجی جہد کاروں کے ذریعہ مسائل کا حل تلاش کرتے ہوئے ایکشن پلان تیار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کے عوامی مسائل کو کانگریس کے انتخابی منشور میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ مختلف طبقات کے مسائل کی طرح پرانے شہر کیلئے کانگریس پارٹی ڈکلیریشن جاری کرے گی جس میں ترقی سے متعلق وعدے شامل رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ این جی اوز کے سروے کے مطابق پرانے شہر میں غربت ایک اہم مسئلہ ہے۔ پرانے شہر میں 58 لاکھ افراد سلم علاقوں میں بستے ہیں، ان میں سے 74 فیصد کرایہ کے مکانوں میں ہیں اور صرف 26 فیصد کا ذاتی مکان ہے ۔ 38 فیصد خاندانوں کے پاس راشن کارڈ تک میسر نہیں۔ 37 فیصد خاندانوں میں خواتین گھرکی کفالت کرتے ہیں۔ پرانے شہر میں 15 فیصد طلبہ کا اسکولوں سے ڈراپ آؤٹ ہے۔ پانچویں اور دسویں جماعت کے درمیان بچے تعلیم ترک کرتے ہیں۔ پرانے شہر میں بنیادی طبی سہولتوں کی کمی کے نتیجہ میں بیماریوں میں اضافہ ہوا ہے۔ 65 فیصد خاندان قرض کے بوجھ تلے دبے ہیں۔ خانگی فینانسرس کی ہراسانی کا شکار ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے شراب کی دکانات میں اضافہ کرتے ہوئے نئی نسل کو شراب کا عادی بنادیا ہے۔
