فلک نما پولیس کا چبوترا مشن دوبارہ شروع ہوگا، اے سی پی ایم اے رشید کا بیان
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر میں نوجوان نسل کی بہتر رہنمائی اور انہیں بے راہ روی سے بچانے کیلئے پولیس کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس اے سی پی فلک نما مسٹر ایم اے رشید نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ فلک نما ڈیویژن میں چبوترا مشن کا دوبارہ آغاز کیا جارہا ہے۔ نہوں نے بتایا کہ رات کے اوقات اکثر نوجوان گلی کوچوں اور محلے کے چوراہوں پر چبوتروں کی زینت بنے ہوئے ہیں اور رات کے اوقات جاگ کر اپنی زندگیوں کو تباہ کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چبوترا مشن کے ذریعہ نوجوانوں کی رہنمائی کی جائے اور ان میں سماجی ذمہ داری کے احساس کو بیدار کرتے ہوئے ان کی بہتر انداز میں رہنمائی کی جائے گی اور راتوں کو جاگنے سے صحت پر پڑنے والے مضر اثرات اور سماجی زندگی کی تباہی کے متعلق انہیں آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سے زائد مرتبہ چبوترا مشن میں ہاتھ لگنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فلک نما ڈیویژن پولیس کے لئے سب سے بڑا اہم مسئلہ علاقہ میں نشیلی ادویات کی فروخت کو آہنی شکنجہ سے کچلنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی خصوصی ٹیموں کے ذریعہ ڈیویژن میں جرائم پر قابو پانے کے اقدامات کئے جارہے ہی اور ہر پولیس اسٹیشن حدود میں پٹرولنگ کو مزید موثر بنایا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں چندرائن گٹہ سے عادی سارق سمیر کی گرفتاری عمل میں آئی اور اس کے قبضہ سے پولیس نے لاکھوں روپئے کی اشیاء کو ضبط کیا تھا یہ اسی پٹرولنگ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فلک نما ڈیویژن میں عادی سارقین، عادی مجرمین اور بالخصوص روڈی شیٹرز کی سرگرمیوں پر سخت نظر رکھی جارہی ہے۔ جناب ایم اے رشید اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما کو حالیہ دنوں محکمہ جاتی ترقی دی گئی ہے اور انہیں ایڈیشنل ڈی سی پی کا کیڈر حاصل ہوا ہے۔