پرتھوی شا کی ریکارڈ ٹرپل سنچری

   

گوہاٹی۔ پرتھوی شا نے چہارشنبہ کو یہاں امین گاؤں کرکٹ گراؤنڈ میں ممبئی کے گروپ بی میچ میں آسام کے خلاف اپنی پہلی ٹرپل سنچری کے ساتھ رانجی کا دوسرا سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنایا ہے۔ 240 کے کل کے اسکور سے دوبارہ آغاز کرتے ہوئے، شا نے میراتھن اسکور میں 383 گیندوں پر379 رنز بنائے جس میں 49 چوکے اور چھ چھکے تھے۔ بھاؤ صاحب نمبالکرکا ناقابل شکست 443، جو انہوں نے دسمبر 1948 میں بنایا تھا، رانجی ٹرافی کا سب سے بڑا اسکور اور کسی ہندوستانی بیٹر کا فرسٹ کلاس کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے اور اب شا نے دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ علاوہ ازیں شا، سوپنل گوگالے (351)، چیتیشور پجارا (352)، وی وی ایس لکشمن (353)، سمیت گوہیل (359)، وجے مرچنٹ (359*) ایم وی سریدھر (366) اور سنجے منجریکر (377) کے بعد رانجی اننگز میں 350 پلس اسکور کرنے والے نویں ہندوستانی بیٹر بن گئے ، تاہم اوپنر شاہ 400 رنز تک پہنچنے سے محروم رہے کیونکہ وہ لنچ سے قبل آخری اوور میں لیگ اسپنر ریان پراگ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ کپتان اجنکیا رہانے کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے، شا نے تیسری وکٹ کے لیے 401 رنز کی شراکت میں 262 رنز بنائے، جس سے ان کی ٹیم کی اننگز کا اسکور 500 کے قریب پہنچ گیا۔ شا نے ریکارڈ ٹرپل سنچری سے قبل رواں ٹورنمنٹ کے پہلے چار میچوں میں 13، 6، 19، 4، 68، 35 اور 15 رنز بنائے۔