پرتھوی شا کے 150 رنز،ہندوستان اے کی 12 رنز سے جیت

   

سلیکٹرس کو متوجہ کرنے کی کوشش ، پریکٹس میچ میں انڈیا اے کا شاندار مظاہرہ
لنکن، 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سلامی بلے باز پرتھوی شا 150 کی شاندار سنچری کی بدولت ہندستان اے نے میزبان نیوزی لینڈ الیون کے خلاف اتوار کو دوسرے ون ڈے پریکٹس میچ میں 12 رنز سے جیت اپنے نام کر لی۔پرتھوی نے اپنی اس کارکردگی کی بدولت ہندستانی ٹیسٹ ٹیم میں واپس جگہ پانے کے لیے بھی دعوی مضبوط کر دیا ہے ۔ انہوں نے اوپننگ میں 100 گیندوں میں 22 چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 150 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہیں چھٹے نمبر پر اترے آل راؤنڈر وجے شنکر نے 58 رن کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔ شنکر نے 41 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 58 رن بنائے ۔ ہندستان اے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے اتری اور 49.2 اوور میں 372 رن کا بڑا اسکور بنایا۔ اس کے جواب میں اگرچہ کیوی ٹیم نے اچھی جدوجہد کی اور مقررہ 50 اوور میں وہ چھ وکٹ پر 360 رنز بنا سکی۔ ہندستان کی جانب سے اشان پوریل نے 59 رن پر دو وکٹ اور کرونال پانڈیا 57 رن پر دو وکٹ لئے ۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ الیون ٹیم کے لئے جیک بائل نے 130 گیندوں میں 17 چوکوں کی مدد سے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ فن ایلن نے 65 گیندوں میں 14 چوکوں کی مدد سے 87 رن بنائے ۔ کپتان ڈیرل مشیل نے 41 رنز اور ڈین کلیور نے ناٹ آؤٹ 44 رن بنائے ۔ہندستانی اننگز میں پرتھوی اور مینک نے پہلے وکٹ کے لئے 89 رن کی ساجھے داری کرکے ٹیم کو اچھی شروعات دلائی۔ پرتھوی کو ممبئی کی جانب سے رنجی ٹرافی میچ میں کندھے میں چوٹ لگ گئی تھی۔ لیکن اس کے بعد انہوں نے زبردست واپسی کرتے ہوئے 150 رنز کی اننگز کھیلی۔ہندستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 21 فروری کو ویلنگٹن کے بیسن ریزرو میں پہلا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔