پرتھ اسکارچرز کو چھٹا بی بی ایل ٹائٹل، سڈنی سکسرز کو شکست

   

پرتھ، 25 جنوری (ایجنسیز) پرتھ اسکارچرز نے ریکارڈ چھٹی مرتبہ بگ بیاش لیگ (بی بی ایل) کا ٹائٹل جیت لیا ہے جس کیلئے پرتھ اسٹیڈیم میں میزبانوں نے سڈنی سکسرز کو واضح شکست دے دی۔ پرتھ نے کوالیفائر میں بھی سڈنی کو ہرایا تھا۔ اس کے بعد سڈنی چیلنجر میچ میں ہوبارٹ ہریکینس کو ہرا کر فائنل میں پہنچا تھا۔ آج فائنل میں پرتھ کے کیپٹن ایشٹن ٹرنر نے ٹاس جیتا۔ سڈنی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں صرف 132 آل آؤٹ بنائے۔ اسٹار اوپنر اسٹیون اسمتھ نے 13 گیندوں میں 24 رنز بنائے، جو ٹیم کا تیسرا مشترک ٹاپ اسکور ثابت ہوا۔ تیسرے نمبر پر جوش فلپ اور مہمان کپتان موئزس ہنریکس دونوں نے بھی 24 کا انفرادی اسکور کیا۔ اسٹرائیک بولر جائی رچرڈسن اور پیس بولر ڈیوڈ پین نے 3، 3 وکٹ لئے جبکہ ڈیوڈ نے اپنے 4 اوورز میں محض 18 رنز خرچ کئے۔ وہ آخرکار مین آف دی میچ قرار پائے۔ جوابی اننگز میں آسٹریلین نیشنل T20 ٹیم کے کیپٹن اور اوپنر مچل مارش نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے۔ مارش اور فن ایلن (36) نے اوپننگ وکٹ کیلئے 80 رنز جوڑے اور پرتھ ٹیم کو آسان کامیابی کی طرف گامزن کیا۔ 118/2 کے بعد پرتھ نے مارش اور کیپٹن ٹرنر (2) کی وکٹیں جلد کھو دیئے۔ تاہم، چار نمبر کے جوش انگلس نے 29 ناٹ آؤٹ کے ساتھ پرتھ اسکارچرز کو بی بی ایل 15 کے فائنل میں 17.3 اوورز میں 133/4 کے ساتھ چھ وکٹ کی فتح سے ہمکنار کیا۔ جوش نے وننگ شاٹ کے طور پر بین ڈوارشوئز کو چھکا لگایا، جس کے ساتھ ہی شائقین سے کھچاکھچ بھرے اسٹیڈیم میں تالیوں کی زبردست گونج سنائی دی۔ پندرہ سال میں چھ مرتبہ خطاب جیتنا پرتھ اسکارچرز کی واقعی بڑی کامیابی ہے۔ اس مرتبہ پرتھ نے فائنلز میں سڈنی سکسرز کو دو مرتبہ ہرایا جس میں اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک جیسے انٹرنیشنل اسٹارز نے کھیلا ہے جبکہ بابر اعظم بھی کوالیفائر میچ کا حصہ تھے۔ کوالیفائر ہارنے کے بعد بابر پاکستان کو واپس ہوگئے۔