سرسلہ ضلع کلکٹر کرشنا بھاسکر کی عہدیداروں کو ہدایت
کریم نگر۔/18 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر کرشنا بھاسکر نے ضلعی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پرجا وانی درخواستوں کی فوری یکسوئی کے لئے اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی تمام شکایات جنہیں تاحال دور نہیں کیا گیا ان تمام کی سرکاری محکمہ جات کے عہدیدارسہ شنبہ تک تحقیقات کرتے ہوئے زیر التوادرخواستوں کی یکسوئی کردیں۔ کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں پرجا وانی پروگرام میں ضلع کلکٹر عوام سے یادداشتیں اور تحریری شکایات وصول کررہے تھے۔ بعد ازاں کلکٹر نے ضلعی عہدیداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پرجا وینی میں دی گئی تمام درخواستوں کو متعلقہ محکمہ جات اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان درخواستو ں کی یکسوئی کرلیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شکایت ایسی نہ ہونی چاہیئے کہ جس کا حل ڈھونڈا نہ گیا ہو۔ بصورت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ عہدیدار کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ تمام شکایتوں کا تحریری جواب دینا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اراضیات سے متعلق زیادہ درخواستیں حاصل ہوئی ہیں اس لئے ریونیو عہدیدار خصوصی توجہ دیں۔ پرجا وانی میں آئی ہوئی درخواستوں کو جس محکمہ کی ہوگی اسے وہاں فوری بھیج دیا جائے اور اس پر اولین توجہ دے کر اس کی تحقیقات کریں۔ تاحال کتنی درخواستوں کی یکسوئی کرلی گئی ہے اور کتنی باقی ہیں اس تعلق سے تحریری طور پرجواب دینا ہوگا۔ کلکٹر نے کہا کہ تمام رپورٹس اندرون ہفتہ حوالے کردی جائیں تاکہ درخواست گذاروں کو جواب دے کر مطمئن کیا جاسکے۔ کلکٹر کرشنا بھاسکر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مختلف منعقدہ چناؤ کے تحت نافذ العمل ضابطہ اخلاق ختم ہوچکا ہے حکومت کے ترجیح طلب اسکیمات پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ تمام مستحق افراد کو حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کا موقع مل سکے۔ اس پروگرام میں جے سی یاسمین باشاہ، ڈی آر او بھیمیا نائیک ، آر ڈی او سرینواس راؤ، ڈی ار ڈی او رویندر ، ڈی ڈبلیو او سرسوتی، ڈی سی او محمد علی، آر اینڈ بی پنچایتی راج ای ایز وگنیشور ریڈی، کنکا رتنم ، سی پی او راجہ رام، ڈی ایس سی ڈی او راجیشوری، بی سی ای او سورنا کیرتی اور دیگر ضلعی عہدیدار موجود تھے۔
