حیدرآباد 3 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 سال قبل حیدرآباد کے نواحی علاقہ جگت گیر گٹہ میں حادثہ میں ہلاک شخص کے افراد خاندان کے لئے 4 لاکھ روپئے کی رقم پراویڈنٹ فنڈ سے منظور کرائی۔ مہاتما جوتی بی پھولے پرجا بھون میں منعقدہ پرجا وانی پروگرام میں مہلوک کے افراد خاندان کو امدادی رقم کا چیک حوالہ کیا گیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین ڈاکٹر جی چناریڈی اور اسٹیٹ نوڈل آفیسر دیویا نے چیک حوالہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جگت گیر گٹہ کی ایک خانگی کمپنی میں پراوین نامی شخص ملازمت کرتا تھا۔ 5 سال قبل حادثہ میں موت واقع ہوگئی۔ غریب خاندان نے گزشتہ 5 برسوں کے دوران حکومت سے امداد کے لئے مساعی کی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ 3 ماہ قبل چیف منسٹر پرجا وانی پروگرام میں اِس خاندان نے اپنی نمائندگی پیش کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو اِس غریب خاندان کے مسائل اور مشکلات سے واقف کرایا گیا جس پر اُنھوں نے پراویڈنٹ فنڈ حکام سے رجوع کیا۔ حکومت کی جانب سے پراوین کو پی ایف کی رقم کا بھی انتظام کرایا گیا جو گزشتہ 5 برسوں سے ادا شدنی تھی۔ پراوین کے افراد خاندان نے حکومت سے اظہار تشکر کیا۔ پرجاوانی میں نمائندگی پر پراویڈنٹ فنڈ کی رقم حاصل ہوئی۔1