پرجاپالنا درخواستوں کی فروخت پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کی برہمی

,

   

ریتو بندھو اور پنشن اسکیمات پر عوام کو شکوک و شبہات میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں
حیدرآباد ۔ 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پرجاپالنا پروگرام کے دوران حکومت کی فلاحی اسکیمات سے استفادہ کیلئے تقسیم کئے جانے والے درخواست فارمس کی فروخت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست فارم فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ریتو بندھو اور پنشن کے معاملے میں شکوک و شبہات میں مبتلا نہ ہونے کا عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے سے ان اسکیمات سے استفادہ کرنے والے صارفین کو جوں کا توں فائدہ پہنچایا جائے گا۔ انہیں ان اسکیمات کے علاوہ دوسری اسکیمات کیلئے درخواستیں داخل کرنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج پرجاپالنا پروگرام کا جائزہ اجلاس طلب کیا۔ اس اجلاس میں چیف سکریٹری شانتی کماری کے علاوہ چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی۔ 28 ڈسمبر سے پرجا پالنا پروگرام کا آغاز ہوا ہے۔ 6 ضمانتوں پر عمل آوری سے متعلق اہل افراد سے درخواستیں وصول ہورہی ہیں۔ اس پروگرام پر عوام کا زبردست ردعمل حاصل ہورہا ہے۔ یہ بھی شکایتیں وصول ہورہی ہیں کہ مفت میں ملنے والی درخواستوں کو فروخت کیا جارہا ہے جس پر چیف منسٹر نے درخواستیں فروخت کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عوام کو ضرورت کے مطابق درخواست فارمس دستیاب رکھنے اور درخواست فارم فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ قطاروں میں کھڑے رہنے والے عوام کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا۔ عہدیداروں نے گذشتہ تین دن سے جاری پرجاپالنا پروگرم پر عوامی ردعمل سے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو واقف کرایا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ریتو بندھو اور پنشن سے متعلق عوام میں کافی شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ اس سے عوام کو ہرگز فکرمند ہونے یا دوڑدھوپ کرنے کی قطعی ضرورت نہیں ہے کیونکہ جو لوگ پہلے سے ہی ان اسکیمات سے استفادہ کر رہے ہیں انہیں ان اسکیمات کیلئے دوبارہ درخواستیں داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ دوسری سرکاری اسکیمات کیلئے وہ درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے 6 گیارنٹی سے عوام کو فائدہ پہنچانے کا وعدہ کیا تھا جس پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے 28 ڈسمبر سے پرجاپالنا کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کو عوام سے زبردست ردعمل حاصل ہورہا ہے۔ کانگریس حکومت عہد کی پابند ہے اور عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ گذشتہ دو دن کے دوران ریاست بھر میں پرجاپالنا پروگرام کے دوران 16 لاکھ 60 ہزار درخواستیں وصول ہوئیں۔ اتوار کو عام تعطیل اور پیر کو نئے سال کی تعطیلات ہیں۔ دوبارہ 2 جنوری سے عوام سے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔2