ریاستی وزیر سریدھر بابو نے مسائل کی سماعت کی، تمام درخواستوں کی یکسوئی کا تیقن
حیدرآباد ۔11۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے 8 ڈسمبر کو مہاتما جیوتی راؤ پھولے پرجا بھون میں شروع کردہ پرجا دربار کو غیر معمولی عوامی تائید حاصل ہوئی ہے۔ عوام مختلف شعبہ جات اور محکمہ جات سے متعلق اپنے مسائل اور شکایات پیش کرنے کیلئے بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔ پرجا دربار کے آغاز سے آج تک جملہ 4471 شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر ڈبل بیڈروم مکانات اور پنشن سے متعلق ہیں۔ پرجا بھون کے عہدیداروں نے بتایا کہ پیر کو منعقدہ پرجا دربار میں 1143 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اسی دوران وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت عوام کی جانب سے موصولہ درخواستوں پر ضروری کارروائی کرتے ہوئے ہر ایک کے ساتھ انصاف کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ درخواست کے ساتھ اپنا مکمل پتہ ، سیل فون نمبر اور دیگر تفصیلات درج کی جائیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر پرجا دربار پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے آج عوامی درخواستوں کو وصول کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے علاوہ مختلف اضلاع سے لوگ اپنے مسائل کے ساتھ پہنچ رہے ہیں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت شفافیت کے ساتھ درخواستوں کی یکسوئی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں نے تلنگانہ جینکو کے اسسٹنٹ انجنیئر کے 17 ڈسمبر کے امتحانات ملتوی کرنے کی اپیل کی ۔ اسی دن تقررات کے مزید دو امتحانات ہیں۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ متعلقہ عہدیداروں سے بات چیت کے بعد حکومت فیصلہ کرے گی۔ پرجا دربار میں کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس اور دیگر عہدیدار شریک ہیں۔