پرجا پالنا درخواستوں کی منظوری کیلئے سہولتوں کی فراہمی

   

حکومتی مشیر محمد علی شبیر کی ہدایت پر کارپوریٹر ایم اے قدوس کی ضلع کلکٹر سے نمائندگی

نظام آباد۔ 12 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاستی کانگریس حکومت کی جانب سے تلنگانہ کی غریب و مستحق عوام کو 6مختلف فلاحی اسکیمات سے مستفید کروانے کیلئے پرجا پالناابھیا ہستم اسکیم کے تحت نظام آباد اربن حلقہ اسمبلی میں تمام بلدی ڈویژنوں کے ذریعہ ماہ ڈسمبر 2023ء میں درخواستیں قبول کی گئی تھی۔اس سلسلہ میں بعض درخواست گذار مختلف فلاحی اسکیمات کے حصول کیلئے درخواست فارم کی مکمل خانہ پری نہ کرنے یا صحیح نام درج نہ کروانے کی وجہہ سے جو شک و شبہات پیدا ہورہے ہیں اس ضمن میں ان مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومتی مشیر محمد علی شبیر کی ہدایت پر سینئر کارپوریٹر بلدی ڈیویژن 58ایم اے قدوس نے کانگریس قائدین اسد بن حمدان، محمد سمیع الدین کے ہمراہ نظام آباد ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو سے آج جدید کلکٹریٹ کامپلکس میں ملاقات کرتے ہوئے تحریری یادداشت پیش کرتے ہوئے نمائندگی کی۔ اس موقع پر سینئر کارپوریٹر ایم اے قدوس نے ضلع کلکٹر کو بتایا کہ تلنگانہ ریاستی حکومت کی 6فلاحی اسکیمات بشمول سبسیڈی گیاس سلنڈر کی 500روپئے میں سربراہی،200یونٹ مفت برقی کی سربراہی اسکیم سے استفادہ کیلئے پرجا پالنہ میں داخل کئے گئے درخواستوں میں ناموں کی اصلاح دیگر خانہ پری کیلئے شہریان نظام آباد کو سہولتیں فراہم کرنے کی خواہش کی۔ اس سلسلہ میں نظام آباد اربن حلقہ اسمبلی میں واقع 5بلدی زون آفس کے علاوہ دفتر بلدیہ نظام آباد میں خصوصی طورپر کاؤنٹرس قائم کرتے ہوئے پراجاپالانا درخواستوں کی منظوری کے سلسلہ میں عوام کو سہولتیں فراہم کی جارہی ہے اس سلسلہ میں درخواست گذاروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کی ضلع کلکٹر نظام آباد سے درخواست کی گئی ہے۔ سینئر کارپوریٹر ایم اے قدوس نے بتایاکہ جن کے پاس فوڈ سیکوریٹی راشن کارڈ پہلے سے ہی موجود ہیں اس سلسلہ میں ان کو کوئی فکرمندیا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں داخل کئے گئے درخواستوں کو قبول و منظور کیاجائے گا۔ جس پر ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے سینئر کارپوریٹر ایم اے قدوس کو یہ تیقن دیا کہ پراجا پالانا پروگرام کے تحت داخل کی گئی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے فلاحی سرکاری اسکیمات سے مستفید کئے جانے کی ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔