پرجا پالن ۔پراگتی پروگرام کو عملی منصوبہ سے انجام دیا جائے

   

کاماریڈی۔ یکم اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی نائب وزیر اعلیٰ و وزیر فینانس و منصوبہ بندی ملو بھٹی وکرمارک نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ’’پرجاپالن۔پراگتی‘‘ 99 روزہ عملی منصوبہ کے تحت گاؤں اور وارڈ سطح کی مجالس کو منظم اور مؤثر انداز میں منعقد کیا جائے تاکہ عوامی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ 2؍ اپریل کو ریاست بھر میں ان مجالس کا انعقاد منصوبہ بندی کے مطابق کیا جائے اور پروگرام کا آغاز تلنگانہ گیت سے کرتے ہوئے ابتدائی خطاب کے بعد وزیر اعلیٰ کا پیغام سنایا جائے۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ اور مختلف محکمہ جات کے سکریٹریز کے ہمراہ ضلع کلکٹرس، ایڈیشنل کلکٹرس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کروانا ضروری ہے۔ بالخصوص رعیتو بھروسہ، گروہا جیوتی کے تحت 200 یونٹس مفت برقی، اندراما مکانات، راشن کارڈس کے ذریعہ باریک چاول کی سربراہی جیسی اسکیمات کے مستحقین کی تفصیلات ظاہر کی جائیں اور اہل افراد تک ان اسکیمات کے فوائد پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور 6 اپریل سے ’’ہیلتھ ویک‘‘ منانے کا بھی اعلان کیا۔ ضلع کلکٹر آشیش سانگوان نے بتایا کہ ان مجالس کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور مقامات پر فلیکسز، بینرس اور دیگر سہولتیں فراہم کرتے ہوئے ان پروگراموں کو کامیاب بنایا جائے گا، جبکہ اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹرس وکٹر مدھو موہن سمیت مختلف محکمہ جات کے عہدیداران نے شرکت کی۔