نئی دہلی 16 جولائی (یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے آج چھ سال کی مدت کے لیے ‘ پردھان منتری دھن دھانیہ کرشی یوجنا’کو منظوری دی ۔ اس کا آغاز 26-2025سے ہوگا ، جس میں 100 اضلاع کا احاطہ کیا جائے گا ۔ پردھان منتری دھن دھانیہ کرشی یوجنا نیتی آیوگ کے امنگوں والے اضلاع پروگرام سے تحریک یافتہ اور اپنی نوعیت کی پہلی اسکیم ہے ، جوخاص طور پر زراعت اور اِس سے متعلقہ شعبوں پر مرکوز ہے ۔اس اسکیم کا مقصد زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ، فصلوں کے تنوع اور پائیدار زرعی طور طریقوں کو اپنانے کے عمل میں اضافہ کرنا ، پنچایت اور بلاک کی سطح پر فصل کے بعد کے ذخیرے کو بڑھانا ، آبپاشی کی سہولتوں کو بہتر بنانا اور طویل مدتی و قلیل مدتی قرض کی دستیابی کو آسان بنانا ہے ۔ یہ ‘پردھان منتری دھن دھانیہ کرشی یوجنا’ کے تحت 100 اضلاع کو ترقی دینے کے لیے 26-2025 کے بجٹ اعلان کے مطابق ہے ۔ اس اسکیم کو 11 محکموں میں 36 موجودہ اسکیموں ، دیگر ریاستی اسکیموں اور نجی شعبے کے ساتھ مقامی شراکت داری کے ذریعے نافذ کیا جائے گا۔100 اضلاع کی تین اہم اشاریوں یعنی کم پیداواریت، کم کاشتکاری اور کم قرض کی فراہمی کی بنیاد پر نشاندہی کی جائے گی۔ ہر ریاست/مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اضلاع کی تعداد نیٹ کراپڈ ایریا اور آپریشنل ہولڈنگز کے حصے کی بنیاد پر طے کی جائے گی۔ تاہم ہر ریاست سے کم از کم ایک ضلع کو منتخب کیا جائے گا۔اسکیم کی موثر منصوبہ بندی ، نفاذ اور نگرانی کے لیے ضلعی ، ریاستی اور قومی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ۔ ‘ڈسٹرکٹ دھن دھانیہ سمیتی’ کے ذریعے ڈسٹرکٹ ایگریکلچر اینڈ الائیڈ ایکٹیویٹیز پلان کو حتمی شکل دی جائے گی ، جس میں ترقی پسند کسان بھی ممبر ہوں گے ۔ ضلع منصوبوں کو فصلوں کے تنوع ، پانی اور مٹی کی صحت کے تحفظ ، زراعت اور متعلقہ شعبوں میں خود کفالت کے ساتھ ساتھ قدرتی اور نامیاتی کاشتکاری کی توسیع کے قومی اہداف سے ہم آہنگ کیا جائے گا ۔ ہر دھن دھانیہ ضلع میں اسکیم کی پیش رفت کی ماہانہ بنیاد پر ڈیش بورڈ کے ذریعہ 117 کلیدی کارکردگی کے اشاریے پر نگرانی کی جائے گی ۔