حیدرآباد ۔ /2 جنوری (سیاست نیوز) پردہ گیٹ کنگ کوٹھی علاقہ میں باپ کو قتل کرنے والے بیٹے کو پولیس نارائن گوڑہ نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 42 سالہ سید مصطفیٰ علی ساکن پردہ گیٹ نے 16 اگست کی شب اپنے معمر باپ 80 سالہ سید منصور علی کے سر پر وزنی پتھر ڈالکر قتل کردیا تھا ۔ مصطفیٰ علی قتل کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہوگیا تھا اور پولیس اس کی تلاش میں تھی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس عابڈس مسٹر جی بھیکشم ریڈی نے کہا کہ سید مصطفیٰ علی کو اس کے باپ منصور علی کام نہ کرنے اور خرچے کیلئے رقم نہ دینے پر اسے ڈانٹا کرتا تھا اور ملازمت کرنے کیلئے اصرار کیا کرتا تھا ۔ باپ کی جانب سے نوکری کرنے کے دباؤ کے پیش نظر اس نے منصور علی پر اس وقت سر پر وزنی پتھر ڈال دیا جب وہ اپنے مکان میں محو خواب تھا ۔ پولیس نے چار ماہ کی تلاش کے بعد مصطفیٰ علی کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سید مصطفیٰ علی ذہنی طور پر متاثر ہے اور سابق میں اس کا علاج بھی کیا گیا تھا ۔