حیدرآباد 24 اکٹوبر ( این ایس ایس ) کانگریس کو حضور نگر حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں کراری شکست کے بعد سینئر لیڈر و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راو نے آج یہ انکشاف کیا کہ وہ پردیش کانگریس کی صدارت کی دوڑ میں شامل ہیں۔ انہوں نے حضور نگر میں پارٹی کی شکست کے تعلق سے کچھ تبصرے بھی کئے اور کہا کہ پارٹی کی جو شکست ہوئی ہے اس کا مناسب جائزہ لینے اور سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ پارٹی کو اس شکست سے سبق حاصل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے دوسری جماعتوں سے کانگریس میں شامل ہونے والوں کو اہم اور کلیدی عہدے دئے جانے کی مخالفت کی ہے ۔ انہوں نے پارٹی کے ورکنگ صدر ریونت ریڈی پر تنقید کی اور کہا کہ ریونت ریڈی اس لئے جارحانہ تیور اختیار کرتے ہیںکیونکہ ان کے پاس دولت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ حضور نگر میں کامیابی صرف اتم کمار ریڈی کو فائدہ پہونچائے گی ۔ ہنمنت راو نے کہا کہ وہ پردیش کانگریس کی صدارت کی دوڑ میں شامل ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ جب تک پارٹی کی شکست کا جائزہ نہیں لیا جاتا اتم کمار کو مستعفی نہیں ہونا چاہئے ۔