مجالس مقامی انتخابات کی تیاریاں، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور سینئر قائدین شریک ہوں گے
حیدرآباد ۔7 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے بلدی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے کل 8 جنوری کو پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کا توسیعی اجلاس طلب کیا ہے۔ پنچایت راج چناؤ میں بہتر مظاہرہ سے کانگریس کیڈر کے حوصلے بلند ہیں اور ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی ، میونسپلٹیز کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن کے علاوہ اے آئی سی سی سکریٹریز پی وشواناتھن اور سچن ساونت شرکت کریں گے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ صدارت کریں گے۔ اجلاس کا ایجنڈہ طئے کرنے کیلئے مہیش کمار گوڑ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے منریگا اسکیم کی برخواستگی کے سبب آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل پر احتجاجی حکمت عملی طئے کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے ضلع کانگریس صدور اور عاملہ کے عہدیداروں کو اپنے اپنے اضلاع میں احتجاج کو کامیاب بنانے کی ہدایت دینے کا مشورہ دیا۔ کانگریس قائدین کو کرشنا اور گوداوری کے پانی کی تقسیم میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافیوں کی تفصیلات سے واقف کرایا جائے گا تاکہ بی آر ایس دور حکومت کی ناکامیوں کو عوام میں پیش کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے مجالس مقامی کے انتخابات میں امیدواروں کا انتخاب شفافیت کے ساتھ انجام دینے کی ہدایت دی۔ پنچایت چناؤ کی طرح اقرباء پروری کی شکایات کی صورت میں قائدین کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ ہر بلدی وارڈ سے 6 دعویداروں کے نام پیش کئے جائیں گے اور نامو کو قطعیت دینے سے قبل سروے کا اہتمام کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کے نتیجہ میں مجالس مقامی چناؤ میں کانگریس کو اکثریت حاصل ہوگی۔ اسی دوران مہیش کمار گوڑ نے ضلع کانگریس صدور کو ہدایت دی کہ ضلعی سطح پر عاملہ کی تشکیل کا عمل جلد مکمل کرلیں۔ کانگریس پارٹی 15 جنوری تک ضلع اور منڈل سطح پر تقررات مکمل کرلے گی ۔ پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ کے توسیعی اجلاس میں نائب صدور کے علاوہ ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے شرکت کریں گے ۔1
