بھونگیر کے قائدین کو اہم عہدے، انیل کمار ریڈی ضلع صدر، پرمود کمار پی سی سی جنرل سکریٹری نامزد
بھونگیر۔ 11؍دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ بھونگیر ضلع کانگریس پارٹی کے صدر کے طور پر انیل کمار ریڈی کو دوسری مرتبہ نامزد کیا گیا ہے۔ہفتہ کی شام اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال ریڈی نے کانگریس پارٹی کی جدید پی سی سی کمیٹی کا اعلان کیا ہے۔جس میں بھونگیر ضلع کے قائدین کو اہم عہدے دیئے گئے ہیں۔ کے انیل کمار ریڈی کو ضلع صدر کے طور پر اسی طرح آلیر اسمبلی حلقہ کے انچارج بیرلا ایلیا کو پی سی سی جنرل سکریٹری،بھونگیر کانگریس پارٹی بلدی فلور لیڈر پرمود کمار کو پی سی سی جنرل سکریٹری،بی جے پی سے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی آلیر اسمبلی حلقہ کی لیڈر شوبھارانی کو پی سی سی ریاستی نائب صدر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔کانگریس پارٹی کے استحکام کیلئے تمام سماجی طبقات کو مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔ کانگریس پارٹی کو تمام طبقات سے جوڑنے اور پارٹی کے استحکام کیلئے جدید کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے۔جدید کمیٹی کے تشکیل کے ذریعہ پارٹی کو بنیادی طور پر مضبوط کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب آلیر اسمبلی حلقہ کی شوبھا رانی کو پی سی سی نائب صدر کے طور پر نامزد کئے جانے پر آلیراسمبلی حلقہ کے انچارج بیرلاایلیا کے مداحوں میں ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔گزشتہ تین سال سے پارٹی کے استحکام اور کارکنوں کی ترقی کیلئے کام کررہے بیرلا ایلیا کے بربرا عہدہ دئے جانے پر کارکنوں میں ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔نونامزد کانگریس پارٹی پی سی سی ریاستی جنرل سکریٹری پرمود کمار نے کہا کہ انہیں پی سی سی جنرل سکریٹری کے طور پر نامزد کئے جانے پر تلنگانہ پردیش کانگریس پارٹی انچارج منیکم ٹیگور،پی سی سی ریاستی صدر ریونت ریڈی،رکن پارلیمنٹ بھونگیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے اظہار تشکر کیا اور کانگریس پارٹی کے استحکام اور عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے جدوجہد کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ کانگریس پارٹی ضلع صدر کے طور پر دوسری مرتبہ انیل کمارریڈی کی نامزدگی اور پی سی سی کے نونامزد کمیٹی میں ضلع کے قائدین کو مناسب نمائندگی دی جانے پر پارٹی کارکنوں میں کافی مسرت پائی جارہی ہے۔