پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ میں شمولیت کیلئے قائدین کی مسابقت

   

Ferty9 Clinic

نائب صدور اور جنرل سکریٹریز میں اضافہ، ریونت ریڈی نے 2 اضافی ورکنگ پریسیڈنٹس کی سفارش کی
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے ریونت ریڈی کے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پارٹی ہائی کمان نے ورکنگ پریسیڈنٹس اور نائب صدور کی مختصر ٹیم تشکیل دی ہے۔ ریونت ریڈی نے اگرچہ ہائی کمان کو عہدوں کیلئے بعض ناموں کی سفارش کی تھی لیکن تمام گروپس کو مطمئن کرنے کے مقصد سے ہائی کمان نے مختصر ٹیم تیار کی تاکہ ناراض سرگرمیوں کو روکا جاسکے۔ ریونت ریڈی کے تقرر سے قبل پارٹی کے کئی سینئر قائدین نے کھل کر ان کی مخالفت کی تھی۔ باوجود اس کے ہائی کمان کا فیصلہ ریونت ریڈی کے حق میں رہا کیونکہ 33 اضلاع میں 31 اضلاع کے ضلعی صدور اور ضلع کمیٹیوں نے ریونت ریڈی کی تائید کی۔ پردیش کانگریس کمیٹی میں توسیع کیلئے سرگرمیاں جاری ہیں۔ نائب صدور، جنرل سکریٹریز، سکریٹریز اور خازن کے علاوہ پارٹی ترجمان کے عہدے حاصل کرنے کیلئے قائدین میں مسابقت کا آغاز ہوچکا ہے۔ ریونت ریڈی اپنے حامیوں کی ٹیم تیار کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ مزید 2 ورکنگ پریسیڈنٹ مقرر کرنے کیلئے ہائی کمان سے سفارش کرچکے ہیں اور ہائی کمان نے ان کے سفارش کردہ ناموں کو قبول کرلیا ہے جن کا تعلق بی سی اور ایس سی طبقات سے بتایا جاتا ہے۔ ریونت ریڈی چاہتے ہیں کہ نئی عاملہ کی تشکیل کے بعد وہ ریاست گیر سطح پر پدیاترا کا آغاز کریں۔ سینئر قائدین کے ساتھ کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی جاسکتی ہے جو انتخابی مہم اور دیگر اُمور میں پارٹی کی رہنمائی کرے گی۔ پارٹی عاملہ میں تمام طبقات کی نمائندگی کیلئے ریونت ریڈی کوشاں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان نے عاملہ کی تشکیل کے سلسلہ میں انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور کو ذمہ داری دی ہے جو مختلف سینئر قائدین سے مشاورت اور رائے حاصل کرنے کے بعد ناموں کو قطعیت دیں گے۔ امید کی جارہی ہے کہ نئی عاملہ کی تشکیل میں مزید 2 ماہ کا وقت لگ سکتا ہے کیونکہ ریونت ریڈی ریاست کے تمام اضلاع میں دلت اور گریجن طبقات کے جلسوں کے انعقاد میں مصروف ہیں۔R