پردیش کانگریس کی صدارت پر اتم کمار ریڈی برقرار رہیں گے

   

آر سی کنتیا کی وضاحت ، ڈسپلن شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا
حیدرآباد ۔ 24۔جون (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے واضح کیا کہ اتم کمار ریڈی تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت پر برقرار رہیں گے۔ انہیں عہدہ سے ہٹانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے راج گوپال ریڈی کے اس مطالبہ کو مسترد کردیا کہ اتم کمار ریڈی کو پارٹی کی صدارت سے علحدہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو پارٹی کی صدارت پر برقرار رہنا چاہئے۔ ملک بھر میں پارٹی کیڈر کا یہ احساس ہے کہ راہول گاندھی اچھے فائٹر ہیں جس کا ثبوت حالیہ انتخابات میں ملا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کے بلدی انتخابات میں بی سی طبقات کو 34 فیصد تحفظات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلدی انتخابات میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ کے لئے قائدین اور کیڈر کمر بستہ ہوچکا ہے۔ کنتیا نے کہا کہ ہرماہ کی پہلی دوسری اور تیسری تاریخ کو منڈل ، ضلع اور بلاک کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے۔ جولائی کے پہلے ہفتہ میں ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ کنتیا نے کہا کہ پارٹی کی شکست کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لئے ہر ضلع سے رپورٹ حاصل کی جارہی ہے ۔ رپورٹ ملنے کے بعد پارٹی کے استحکام کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ متحد رہیں ۔ انہوں نے رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کی مخالف پارٹی سرگرمیوں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی نے راج گوپال ریڈی کو کافی عزت دی ہے۔ اس کے باوجود ان کی سرگرمیاں ناقابل فہم ہیں۔ ہائی کمان ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرے گا۔ جو کوئی ڈسپلن شکنی کا مرتکب ہوں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ پارٹی سے انحراف کرنے والے قائدین کو کیا اس وقت قیادت کمزور دکھائی نہیں دی ، جب وہ ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے کوشش کر رہے تھے۔