پیروی کرنے والوں کو عہدہ نہ دیا جائے، رکن اسمبلی جگا ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔4۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات تک اتم کمار ریڈی کو پردیش کانگریس کی صدارت پر برقرار رکھنا چاہئے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے پیروی کرنے والے افراد کو اگر عہدہ دیا جائے تو پارٹی کی شبیہ متاثر ہوگی۔ انہوں نے ہائی کمان کو مشورہ دیا کہ ایسے افراد کو پارٹی کی صدارت پر فائز کیا جائے جنہیں پارٹی کے استحکام سے دلچسپی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ پی سی سی صدارت کے لئے جو قائدین اپنی دعویداری پیش کرچکے ہیں، ان میں کے جانا ریڈی ، جی چنا ریڈی ، محمد علی شبیر اور دیگر قائدین شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کی صدارت کے سلسلہ میں وہ بھی اپنی دعویداری پیش کرچکے ہیں۔ ان کا مقصد کانگریس کو تلنگانہ میں دوبارہ برسر اقتدار لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں انحراف کے مسئلہ پر کسی بھی پارٹی میں سیاسی اصول پسندی نہیں ہے۔ اس بارے میں کانگریس پارٹی کے اظہار خیال سے وہ متفق نہیں ہے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وہ شخصی طور پر رائے رکھتے ہیں کہ کوئی بھی پارٹی انحراف سے مستثنیٰ نہیں۔ تلنگانہ میں کسانوں کے لئے حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری سے متعلق جگا ریڈی نے بتایا کہ رعیتو بندھو اسکیم کا اعلان کیا گیا لیکن 70 فیصد کسانوں کو رعیتو بندھو کی رقومات حاصل نہیں ہوئی ہے۔ زرعی پیداوار کیلئے اقل ترین امداد قیمت فراہم کرنے میں حکومت ناکام ہوگئی۔ جگا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کا ایجنڈہ کسانوں کا تحفظ نہیں بلکہ ہر معاملہ میں دھوکہ دہی حکومت کی شناخت بن چکی ہے۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام ہوگئی اور ہر شعبہ کو حکومت نے مایوس کیا ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے استحکام کے مواقع روشن ہیں۔