پردیش کانگریس کی صدارت پر ہائی کمان کا فیصلہ قابل قبول

   


سونیا گاندھی کو جگا ریڈی کا مکتوب، اتفاق رائے سے انتخاب کی اپیل
حیدرآباد: کانگریس ہائی کمان کی جانب سے نئے صدر پردیش کانگریس کے تقرر کی سرگرمیوں کے دوران رکن اسمبلی جگا ریڈی نے صدر کانگریس سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہائی کمان کے فیصلہ کو قبول کرنے کا اعلان کیا ۔ جگا ریڈی نے ریونت ریڈی کو صدارت کی ذمہ داری دیئے جانے پر پارٹی سے استعفیٰ کی دھمکی دی تھی۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اور دو سکریٹریز نے جگا ریڈی سے مشاورت کی اور ریاست میں پارٹی کے استحکام کو اولین ترجیح کے اعتبار سے فیصلہ کرنے کا تیقن دیا۔ ہائی کمان کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد جگا ریڈی کے موقف میں نرمی دیکھی جارہی ہے ۔ انہوں نے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جو بھی فیصلہ ہوگا وہ قبول کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے تمام قائدین سے مشاورت کے بعد اتفاق رائے سے صدر کا انتخاب کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کو امکانی صدور کی جو فہرست روانہ کی گئی ہے، اس پر کوئی غور نہیں کیا گیا۔ جگا ریڈی خود بھی پردیش کانگریس کی صدارت کے اہم دعویدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017 ء میں اتم کمار ریڈی کی ہدایت پر انہوں نے سنگا ریڈی میں راہول گاندھی کا جلسہ عام منعقد کیا تھا۔ جلسہ عام کیلئے بھاری رقومات خرچ کرنے کے باوجود سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے پاس ان کے نام کی عدم پیشکشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے انچارج جنرل سکریٹری کی جانب سے فہرست میں ان کے نام کی عدم شمولیت سے دکھ پہنچا ہے ۔