ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی طبقات سرگرم، مجالس مقامی کے چناؤ تک ریونت ریڈی کی برقراری کا امکان
حیدرآباد ۔ 16۔ مئی (سیاست نیوز) لوک سبھا الیکشن کی رائے دہی کے فوری بعد کانگریس پارٹی میں پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ کانگریس ہائی کمان نے اعلان کیا تھا کہ ریونت ریڈی نے لوک سبھا چناؤ تک چیف منسٹر کے ساتھ پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے برقررا رہیں گے ۔ اب جبکہ رائے دہی کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے ، کانگریس کے سینئر قائدین نے ہائی کمان کے پاس اپنی دعویداری پیش کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی امور کے سی وینو گوپال سے کئی دعویداروں نے ربط قائم کرتے ہوئے لوک سبھا چناؤ کے بعد نئے صدر کے تقرر کی درخواست کی ہے۔ کرناٹک میں ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار پردیش کانگریس کی صدارت پر ابھی بھی فائز ہیں۔ اسی مثال کو پیش کرتے ہوئے ریونت ریڈی کے حامی جون کے اختتام میں مجالس مقامی کے الیکشن تک ریونت ریڈی کو دونوں عہدوں پر برقرار رکھنے کی مانگ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں حکومت اور پارٹی کے درمیان بہتر تال میل کے لئے ریونت ریڈی کی برقراری ضروری ہے ۔ ہائی کمان نے پردیش کانگریس کی صدارت کے بارے میں ابھی تک کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن سینئر قائدین کی سرگرمیوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہائی کمان کیلئے نئے صدر کا انتخاب کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے جو قائدین دعویدار ہیں ، ان میں ریونت ریڈی کی مخالفت کرنے والے افراد شامل ہیں جنہیں صدارت پر فائز کئے جانے کی صورت میں پارٹی اور حکومت کیلئے مسائل پید ہوسکتے ہیں۔ ریونت ریڈی اس بات کی کوشش کریں گے کہ انہیں مزید کچھ عرصہ تک پردیش کانگریس کی صدارت پر برقرار رکھا جائے۔ جون میں مجالس مقامی کے انتخابات کے بعد گریٹر حیدر آباد میونسپل کارپوریشن کے چناؤ ہوں گے ۔ چیف منسٹر تمام انتخابی مراحل کی تکمیل تک عہدہ پر برقراری کے خواہاں ہیں۔ صدارت کے اہم دعویداروں میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی ، پردیش کانگریس کی تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ ، سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار ، حکومت کے مشیر محمد علی شبیر ، ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ اور سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو شامل ہیں۔ ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے کئی قائدین صدارت کیلئے اپنا دعویٰ پیش کرچکے ہیں۔ بی سی طبقہ کے قائدین میں مدھو یاشکی گوڑ اور مہیش کمار گوڑ سرفہرست ہیں۔ ریونت ریڈی ہائی کمان کی جانب سے نئے صدر کے تقرر کی صورت میں اپنے بااعتماد کسی ساتھی کو نامزد کرنے کی مساعی کرسکتے ہیں۔1