بی سی طبقہ کی نمائندگی کی تجویز، رکن اسمبلی جگا ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 26۔جون (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ وی ہنمنت راؤ پارٹی کے کٹر وفادار ہیں۔ اگر ہائی کمان بی سی طبقہ کو پردیش کانگریس کی صدارت دینا چاہے تو ہنمنت راؤ سے بہتر کوئی انتخاب نہیں ہوگا۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ ہنمنت راؤ کی جانب سے پردیش کانگریس کی صدارت کی خواہش کرنا کوئی غلطی نہیں ، اگر انہیں صدر مقرر کیا جائے تو میں مکمل تعاون کروں گا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اگر ایس سی مادیگا کو پی سی سی صدر بنایا جاتا ہے تو اس سلسلہ میں دامودر راج نرسمہا کو ترجیح دی جائے ۔ ریڈی طبقہ میں جسے بھی پی سی سی صدر کا عہدہ دیا جائے گا ، وہ تمام اہل رہیں گے ۔ ہنمنت راؤ کو بی سی طبقہ کا اسٹار سیاستداں قرار دیتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ پا رٹی کے استحکام کے لئے ہنمنت راؤ نے کافی جدوجہد کی ہے ۔ جگا ریڈی نے بتایا کہ وہ پہلی مرتبہ 2004 ء میں ٹی آر ایس کی تائید سے منتخب ہوئے ۔ 2009 ء میں وہ کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے اور دوسری مرتبہ 2018 ء میں کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں۔ ایوان میں قدم رکھنے کے بعد سے وہ کانگریس وادی ہیں۔ جگا ریڈی نے بتایا کہ عوام میں ہنمنت راؤ کے حامیوں کی کثیر تعداد ہے۔ واضح رہے کہ وی ہنمنت راؤ نے پردیش کانگریس کی صدارت پر اپنی دعویداری پیش کی ہے۔
