پردیش کانگریس کی صدارت کے لیے ہنمنت رائو کی دعویداری پیش

   

پارٹی کو اقتدار میں لانے عمر نہیں تجربہ کی ضرورت، بی سی طبقات کو موقع دینے ہائی کمان سے نمائندگی
حیدرآباد۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے پردیش کانگریس کی صدارت کے لیے اپنی دعویداری پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کے لیے بی سی طبقے کو پارٹی کی صدارت دی جانی چاہئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے دعوی کیا کہ انہیں پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے سابق میں کام کا تجربہ حاصل ہے اور پارٹی کو برسر اقتدار لانا اہمیت کا حامل ہے ناکہ قائدین کی عمر دیکھی جائے۔ پارٹی میں کمل ناتھ، ہڈا جیسے زائد عمر کے قائدین چیف منسٹر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ وہ تاحیات کانگریس پارٹی سے وابستہ رہیں گے اور انحراف کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اندرا گاندھی نے 1972ء میں کمزور طبقات کو انصاف فراہم کرنے کے لیے کئی قدم اٹھائے تھے۔ اراضیات کی تقسیم، بینکوں کو قومیانے اور کسانوں کو قرض کی فراہمی کے ذریعہ غریبوں کی بھلائی کے قدم اٹھائے گئے۔ 1989ء میں میں نے کمزور طبقات کی ریالی کا اہتمام کیا تھا جس کے تحت ورنگل میں بڑا جلسہ عام منعقد ہوا۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ وہ این ٹی راما رائو کے خلاف یاترا کا اہتمام کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں ان کے حق میں ہمدردی کی لہر ہے اور وہ مقبولیت رکھتے ہیں۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی میرے لیے سب کچھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سرینواس کے دور میں کانگریس پارٹی کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوا۔ ڈی سرینواس کا تعلق پسماندہ طبقات سے ہے۔ لہٰذا پی سی سی کی صدارت پھر ایک بار بی سی طبقے کو دی جانی چاہئے۔ دلت طبقے سے تعلق رکھنے والے بھٹی وکراماکا سی ایل پی لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر بی سی اور ایس سی طبقات کو مواقع فراہم کرتے ہوئے ان کے ووٹ حاصل کررہے ہیں۔ کے سی آر سے مقابلے کے لیے بی سی طبقے کو پردیش کانگریس کی صدارت دی جانی چاہئے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ اعلی طبقات کے قائدین کی فکر میں تبدیلی آنی چاہئے۔ عوام میں میری شناخت ہے، لہٰذا مجھے موقع دیا جائے۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ تشکیل دیا لہٰذا انہیں پارٹی کا اقتدار بطور تحفہ پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اقتدار کے لیے عمر کی نہیں بلکہ تجربہ کی ضرورت ہے۔ پارٹی کا برسر اقتدار آنا اہمیت کا حامل ہے۔ بھلے ہی چیف منسٹر کا عہدہ کسی کو دیا جائے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ وہ بہت جلد سونیا گاندھی سے ملاقات کریں گے۔