اے آئی سی سی نمائندوں کی شرکت، بی جے پی کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کا منصوبہ
حیدرآباد۔28 ۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے اور مرکز و ریاستی حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کیلئے بروز منگل 29 اکتوبر کو تلنگانہ پردیش کانگریس کور کمیٹی اور پردیش کانگریس اگزیکیٹیو کمیٹی کے اجلاس علحدہ علحدہ منعقد ہوں گے۔ ان اجلاسوں میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی آر سی کنتیا کے علاوہ اے آئی سی سی کے نمائندے پروفیسر گورو ولبھ ترجمان اے آئی سی سی اور معاشی امور کے ماہر سرینواس راؤ شرکت کریں گے۔ یہ دونوں قائدین مرکز کی معاشی پالیسیوں کے سبب عوام پر پڑنے والے بوجھ کی تفصیلات سے اجلاس کو واقف کرائیں گے۔ اے آئی سی سی نے بی جے پی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاج میں شدت پیدا کرنے کیلئے اپنے نمائندوں کو مختلف ریاستوں کے ساتھ تلنگانہ بھی روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک بھر میں بی جے پی کے خلاف پارٹی بیک وقت احتجاج میں شدت پیدا کرنا چاہتی ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ دوپہر 12.30 بجے پردیش کانگریس کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جبکہ 2.00 بجے اگزیکیٹیو کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ حضور نگر میں کانگریس کی شکست کے پس منظر میں یہ اجلاس ہنگامہ خیز ثابت ہوسکتا ہے۔ توقع ہے کہ بعض قائدین حضور نگر میں پارٹی کی شکست کی وجوہات کو موضوع بحث بنانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔