پردیش کانگریس کے نئے صدر کیلئے دہلی میں سرگرمیاں تیز

   

ریونت ریڈی کی میعاد 7 جولائی کو ختم ہوگی، مہیش کمار گوڑ اور مدھو یاشکی کی سونیا گاندھی سے ملاقات
حیدرآباد 27 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں پردیش کانگریس کے نئے صدر کے انتخاب کی سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کرتے ہوئے 7 جولائی سے قبل نئے صدر کے انتخاب کا مشورہ دیا۔ صدر پردیش کانگریس کے عہدہ پر ریونت ریڈی کی 3 سالہ میعاد 7 جولائی کو ختم ہورہی ہے۔ نئے پی سی سی صدر کے عہدہ کیلئے پارٹی میں کئی دعویدار ہیں اور اُن میں سے بیشتر قائدین نئی دہلی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ صدارت کی دوڑ میں شامل ورکنگ پریسیڈنٹ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے آج پارلیمنٹ کے احاطہ میں سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ تشہیری کمیٹی کے صدرنشین اور سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ نے بھی سونیا گاندھی سے ملاقات کی اور پارٹی صدارت پر بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائد کو مقرر کرنے کی درخواست کی۔ کے سی وینو گوپال اور دیپاداس منشی سے صدارت کے خواہشمند قائدین کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی ہائی کمان نے ریونت ریڈی سے نئے صدر کے بارے میں رائے طلب کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ پسماندہ طبقات کے کسی ایسے قائد کو صدارت پر فائز کیا جائے جو حکومت کی اسکیمات کو بہتر انداز میں عوام تک پہنچاسکے۔ نئے صدر کیلئے غیر متنازعہ شخص کی تلاش جاری ہے تاکہ حکومت اور پارٹی میں تصادم کی صورتحال پیدا نہ ہو۔ صدارت کیلئے اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار، ریاستی وزیر ڈی انوسویا سیتکا اور سابق رکن اسمبلی جگا ریڈی نے بھی ہائی کمان کے پاس اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان کیلئے نئے صدر کا انتخاب آسان نہیں ہوگا کیونکہ جو بھی پارٹی کا نیا صدر ہوگا اُسے حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق بی سی طبقہ کی جانب سے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر بھی صدارت کے دعویداروں میں شامل ہیں۔ ریاستی وزراء کی جانب سے بھی پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے ناموں کی تجویز پیش کی جارہی ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین کو ترجیح دی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر غیر متنازعہ نام پر اتفاق رائے نہ ہو تو ریونت ریڈی کو مجالس مقامی کے انتخاب تک صدارت کے عہدہ پر برقرار رکھا جائے گا۔ 1