کئی سینئر قائدین دعویدار، ریڈی اور بی سی طبقہ کی زائد نمائندگی
حیدرآباد: تلنگانہ میں پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے صدر کے انتخاب کے لئے مشاورت کا عمل آج دوسرے دن بھی جاری رہا ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے آج دن بھر گاندھی بھون میں سابق مرکزی و ریاستی وزراء کے علاوہ پردیش کانگریس کے نائب صدور اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے اے آئی سی سی ارکان سے فرداً فرداً ملاقات کی اور نئے صدر کے بارے میں رائے حاصل کی ۔ مانکیم ٹیگور چہارشنبہ سے نئے صدر کے انتخاب کے سلسلہ میں قائدین سے ملاقاتیں کر رہے ہیں ۔ کل رات انہوں نے کور کمیٹی اجلاس میں شرکت کی جس کے بعد تقریباً 15 سینئر قائدین سے انفرادی ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں پارٹی کے موقف اور امکانی صدر کے بارے میں رائے حاصل کی ۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہائی کمان کی ہدایت پر مانکیم ٹیگور ہر ایک سے تنہا ملاقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے اے آئی سی سی کے سکریٹریز کو بھی اس مشاورتی عمل میں شامل نہیں کیا ۔ پروگرام کے مطابق پہلے دن انہوں نے اتم کمار ریڈی کے علاوہ سینئر قائدین ریونت ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، وی ہنمنت راؤ ، سمپت کمار ، جانا ریڈی ، ومشی چند ریڈی ، جگا ریڈی ، سیتکا ، مدھو یاشکی گوڑ ، جیون ریڈی ، سریدھر بابو اور دیگر قائدین کو ملاقات کا موقع دیا ۔ سینئر قائدین سے ملاقات آج صبح بھی جاری رہی۔ مانکیم ٹیگور کل جمعہ کو پردیش کانگریس ورکنگ پریسیڈنٹس ، جنرل سکریٹریز اور محاذی تنظیموں کے قائدین سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے 12 ڈسمبر کو حیدرآباد میں قیام کا فیصلہ کیا ۔ تاہم اس دن کی مصروفیت کو راز میں رکھا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مانکیم ٹیگور بعض سینئر قائدین سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسی دوران پردیش کانگریس کے عہدہ کے لئے پارٹی میں کئی دعویدار دیکھے گئے۔ کئی قائدین نے مانکیم ٹیگور سے ملاقات کے دوران اپنی دعویداری پیش کردی۔ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین خود کو نئے صدر کے دعویدار کے طور پر پیش کرچکے ہیں۔ طبقات کی بنیاد پر ریڈی اور برہمن طبقہ کی جانب سے بھی صدارت کی مانگ کی جارہی ہے۔ صدارت کے اہم دعویداروں میں پونالہ لکشمیا، بھٹی وکرمارکا ، سریدھر بابو ، دامودر راج نرسمہا ، سمپت کمار ، مدھو یاشکی ، وی ہنمنت راؤ ، جی گیتا ریڈی ، ریونت ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، ششی دھر ریڈی ، جگا ریڈی ، چنا ریڈی اور جیون ریڈی شامل ہیں۔ اسی دوران مانکیم ٹیگور نے بتایا کہ وہ قائدین کی رائے پر مشتمل رپورٹ ہائی کمان کو پیش کردیں گے اور ہائی کمان کا فیصلہ قطعی رہے گا۔ پردیش کانگریس کی صدارت کی سرگرمیوں کے پیش نظر گاندھی بھون میں قائدین اور کارکنوں کی کافی گہما گہمی دیکھی گئی ۔ حالانکہ بلدی انتخابات کے دوران گاندھی بھون سنسان دکھائی دے رہا تھا ۔