پردیش کانگریس کے نئے صدر کیلئے عنقریب مبصرین کی روانگی

   

Ferty9 Clinic

کئی دعویداروں کی دہلی میں سرگرمیاں ، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی عہدہ کے خواہاں
حیدرآباد ۔24۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت کیلئے کانگریس ہائی کمان نے مشاورت کا عمل شروع کردیا ہے۔ بلدی انتخابات کے بعد موجودہ صدر اتم کمار ریڈی نے ہائی کمان پر واضح کردیا کہ وہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے فرائض کی انجام دہی کے سلسلہ میں پردیش کانگریس کی صدارت برقرار رکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے لہذا انہیں ذمہ داری سے سبکدوش کیا جائے ۔ اطلاعات کے مطابق کانگریس ہائی کمان نے موزوں شخصیت کے انتخاب کے سلسلہ میں جنرل سکریٹری انچارج آر سی کنتیا سے رپورٹ طلب کی ہے۔ انہیں ہدایت دی گئی کہ تمام طبقات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہر طبقہ سے اہل امیدواروں کے نام پیش کریں تاکہ ہائی کمان کو سہولت ہو۔ آر سی کنتیا اپنی والدہ کے انتقال کے سبب ان دنوں اڈیشہ میں آبائی مقام پر ہیں اور ان کی رپورٹ میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ اسی دوران پردیش کانگریس کی صدارت کے خواہشمند قائدین نئی دہلی پہنچ رہے ہیں تاکہ قومی قائدین کی تائید حاصل کی جاسکے ۔ ہائی کمان کو ایسے حرکیاتی لیڈر کی تلاش ہے جو تلنگانہ میں پارٹی کو برسر اقتدار لانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ شخصی صلاحیت کے علاوہ تمام طبقات اور گروپس کو ساتھ لے کر کام کرنے کی اہلیت ہونی چاہئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ عوام بالخصوص نوجوانوں اور تعلیم یافتہ افراد کے لئے قابل قبول شخصیت کو صدارت کی ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے تلنگانہ میں یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کی سرگرمیاں ٹھپ ہوچکی ہیں ، ان دونوں محاذی تنظیموں کو متحرک کرنا ضروری ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی خود کو ٹی آر ایس کے متبادل کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایسے میں پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز شخصیت کو ٹی آر ایس کے ساتھ بی جے پی سے بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔ صدارت کے کئی دعویدار نئی دہلی میں کئی دن تک قیام کے بعد واپس ہوئے۔ سابق وزیر اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے سابق نائب صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی نے بھی ہائی کمان سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی دعویداری پیش کی۔ ششی دھر ریڈی سابق چیف منسٹر آنجہانی ڈاکٹر ایم چنا ریڈی کے فرزند ہیں۔ اور انہیں پارٹی کے مختلف گروپس میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاسکتا ہے۔ کانگریس اعلیٰ کمان جاریہ ماہ کے اواخر میں دو مبصرین حیدرآباد روانہ کرسکتا ہے تاکہ تمام سینئر قائدین سے مشاورت کی جاسکے۔ پردیش کانگریس کی صدارت کے لئے جن قائدین نے اپنی دعویداری پیش کی ہے ، ان میں اعلیٰ طبقات سے ارکان پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے علاوہ ششی دھر ریڈی ، جی چنا ریڈی اور ٹی جیون ریڈی شامل ہیں۔ پسماندہ طبقات سے پونالہ لکشمیا ، وی ہنمنت راؤ ، پونم پربھاکر ، محمد علی شبیر ، مدھو یاشکی گوڑ کے نام زیر گشت ہیں۔ درج فہرست اقوام ( ایس سی ) طبقہ سے ملو روی ، دامودر راج نرسمہا ، سمپت کمار اور دوسروں نے دعویداری پیش کی ۔ رکن اسمبلی سریدھر بابو کو سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی تائید حاصل ہے۔