اظہر الدین کو محاذی تنظیموں کا انچارج مقرر کیا گیا
حیدرآباد۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور نے پردیش کانگریس کمیٹی کے تمام ورکنگ پریسیڈنٹس کو مختلف پارلیمانی حلقوں کا انچارج مقررکیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ اور ورکنگ پریسیڈنٹ ریونت ریڈی کو عادل آباد، پدا پلی، کریم نگر، نظام آباد، ظہیرآباد اور محبوب نگر لوک سبھا حلقوں کا انچارج مقرر کیا گیا۔ سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کو میدک، ملکاجگیری، سکندرآباد، حیدرآباد، چیوڑلہ اور کھمم کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ جے کسم کمار کو محبوب نگر، ناگرکرنول، نلگنڈہ، بھونگیر اور ورنگل لوک سبھا حلقوں کا انچارج مقرر کیا گیا۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین جو پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ ہیں انہیں تمام محاذی تنظیموں، سیلس اور ڈپارٹمنٹس کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ ورکنگ پریسیڈنٹس اپنے اپنے الاٹ کردہ حلقوں میں پارٹی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔ محمد اظہر الدین کو محاذی تنظیموں، سیلس اور ڈپارٹمنٹس کو متحرک کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔