دہلی میں کانگریس ہائی کمان کے ساتھ اجلاس، آئندہ انتخابات پر بات چیت
نئی دہلی: کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے ہفتہ کی دوپہر اپنی رہائش گاہ 10 جن پتھ پر ایک اجلاس طلب کیا جس میں الیکشن اسٹریٹجسٹ پرشانت کشور شامل ہوئے۔ پرشانت کشور کے علاوہ کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے، اے کے انٹونی، امبیکا سونی، جے رام رمیش، مکل واسنک، دگ وجے سنگھ اور اجے ماکن بھی اس اجلاس میں شرکت تھے۔پرشانت کشور نے حال ہی میں ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر صحیح حکمت عملی کے ساتھ وقت پر تیاری شروع کر دی جائے تو 2024 کے عام انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینا ممکن ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ پرشانت کشور نے اگلے لوک سبھا انتخابات سے پہلے کانگریس کو مضبوط کرنے کے لیے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے بات چیت شروع کر دی ہے۔ کچھ دنوں سے یہ قیاس آرائیاں بھی ہو رہی ہیں کہ کانگریس پارٹی گجرات انتخابات میں پرشانت کشور کو بڑا رول سونپ سکتی ہے۔ ساتھ ہی پرشانت کشور کے کانگریس میں شامل ہونے کے امکان کو خارج نہیں کیا جا سکتا۔ بتادیں کہ پرشانت کشور نے 2021 کے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی کی جیت کے ہفتوں بعد کانگریس ہائی کمان کے ساتھ میٹنگ کی تھی، جو کسی نتیجہ پر پہنچے بغیر ختم ہوگئی تھی۔