پرشانت کشور کی راہول اورپرینکا سے ملاقات، سیاسی ماحول گرم!

   

نئی دہلی :اپنے بہترین الیکشن اسٹریٹجی کے لیے مشہور پرشانت کشور نے آج کانگریس رکن پارلیمنٹ اور سابق پارٹی صدر راہول گاندھی سے ان کی رہائش پر ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور پنجاب کے انچارج ہریش راوت کے ساتھ ساتھ کے سی وینوگوپال بھی موجود تھے۔ جانکاری کے مطابق پرینکا گاندھی کو لکھنو جانا تھا، لیکن اس میٹنگ کی وجہ سے انھوں نے لکھنو دورہ 2 دن کے لیے ملتوی کر دیا۔ کانگریس کے سرکردہ لیڈروں کے ساتھ پرشانت کشور کی ملاقات کی خبر جیسے ہی سامنے آئی، سیاسی ماحول میں گرمی پیدا ہو گئی ہے۔ لوگ طرح طرح کی قیاس آرائیاں کرنے میں مصروف ہو گئے ہیں۔یہاں قابل ذکر ہے کہ کچھ مہینے قبل پنجاب کے چیف منسٹر کیپٹن امریندر سنگھ نے پرشانت کشور کو اپنا چیف مشیر مقرر کیا تھا اور اس کے بعد پرشانت کشور عرف پی کے نے وہاں اراکین اسمبلی و اہم افسران کے ساتھ میٹنگیں کی تھیں۔ ایسا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آج راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ پرشانت کی میٹنگ پنجاب الیکشن کے پیش نظر ہی ہوئی ہے۔ حالانکہ آج کی میٹنگ کو کئی لوگ مرکزی سیاست سے بھی جوڑ کر دیکھ رہے ہیں کیونکہ گزشتہ مہینے پرشانت کی تین میٹنگیں این سی پی سربراہ شرد پوار کے ساتھ ہوئی تھیں۔

پرینکاگاندھی کا 16 جولائی سے دورہ ٔ یوپی
نئی دہلی : کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے تنظیم اور کارکنان کا حوصلہ بڑھانے کے لئے 16 جولائی سے ریاست کا دورہ کریں گی۔منگل کو ذرائع نے یہ اطلاع دی۔کانگریس ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل پرینکا گاندھی کا 14 جولائی کو لکھنؤ جانا تھا، لیکن دہلی میں کچھ اہم میٹنگوں کی وجہ سے وہ اب 16 جولائی کو وہاں جائیں گی۔ ان کا دورہ تین یا چار دن کا ہوسکتا ہے۔