پرشانت کشور کی شاگرد پریہ ،شرمیلا کی سیاسی نظریہ ساز

   

سوشیل میڈیا سیل کی نگرانی بھی کریں گی ، 8 جولائی کو نئی پارٹی کا پہلا اجلاس مقرر
حیدرآباد ۔ وائی ایس شرمیلا نے سیاسی نظریہ کار پرشانت کشور کی شاگرد پریہ کی خدمات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ شرمیلا نے اپنے والد سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی یوم پیدائش 8 جولائی کو تلنگانہ میں نئی سیاسی جماعت وئی ایس ایس آر ٹی پی تشکیل دینے اور اس کی سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے بھی نئی سیاسی پارٹی کا رجسٹریشن کردیا ہے ۔ 8 جولائی کو فلم نگر جے آر سی کنونشن سنٹر میں ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ جس میں ریاست کے تمام اضلاع سے 1000 اہم قائدین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ متحدہ اضلاع کے ہیڈ کوارٹرس پر ورچول میں ایک لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس اجلاس میں شرمیلا پارٹی کے جھنڈے اور انتخابی نشان کا بھی اعلان کریں گی ۔ اس دوران شرمیلا عوامی مسائل پر احتجاج بھی کر رہی ہیں اور متاثرین سے ملاقات بھی کر رہی ہیں ۔ ملک میں مشہور سیاسی نظریہ ساز پرشانت کشور کی خدمات سے تمام جماعتوں نے استفادہ کیا ہے ۔ یہاں تک کہ آندھرا پردیش میں جگن موہن ریڈی نے بھی ان کی خدمات سے استفادہ کیا ہے ۔ تاہم شرمیلا نے پارٹی کیلئے پرشانت کشور کی شاگرد پریہ کی خدمات سے استفادہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ ٹاملناڈو ڈی ایم کے پارٹی رکن اسمبلی راجندرن کی دختر ہے ۔ آج پریہ نے لوٹس پونڈمیں شرمیلا سے ملاقات کی ۔ وہ سوشیل میڈیا کی نگرانی کریں گی اور ساتھ ہی شرمیلا کیلئے بھی اپنی خدمات فراہم کریں گی ۔ تاملناڈو میں پریہ ایک میڈیا کی سربراہ بھی ہے ۔ تلنگانہ میں اپنی نئی سیاسی پارٹی کو استحکام کرنے شرمیلا نے پریہ کی خدمات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔