پٹنہ 28 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) انتخابی حکمت عملی کے ماہر و جے ڈی یو کے نائب صدر پرشانت کشور نے آج چیف منسٹر بہار نتیش کمار کے خلاف عملا بغاوت کردی ہے اور کہا کہ نتیش کمار نے ان ( کشور ) کی جے ڈی یو میں شمولیت کے تعلق سے جھوٹ بیانی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے یہ اعتراف کرلیا ہے کہ وہ بی جے پی کے اشاروں پر کام کرتے ہیں۔ پرشانت کشور کے تعلق سے نتیش کمار نے آج دن میں کہا تھا کہ انہیں بی جے پی کے اس وقت کے صدر امیت شاہ کے کہنے پر جے ڈی یو میں شامل کیا گیا تھا ۔ پرشانت کشور نے کہا کہ نتیش کمار نے ان کی شمولیت کے تعلق سے جھوٹ بولا ہے ۔ تاہم انہوں نے یہ اعتراف بھی کرلیا ہے کہ وہ بی جے پی کے اشاروں پر ہی کام کرتے ہیں۔
