پرشانت کشور کی کے سی آر سے ملاقات پر کانگریس قائدین میں الجھن

   

وینکٹ ریڈی اور جگا ریڈی کا تبصرہ سے گریز، ٹی آر ایس سے مفاہمت خارج از بحث
حیدرآباد۔/24 اپریل، ( سیاست نیوز) انتخابی عملی کے ماہر پرشانت کشور کی گزشتہ دو دنوں سے پرگتی بھون میں قیام کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات پر کانگریس کے حلقوں میں الجھن پائی جاتی ہے تاہم قائدین اس مسئلہ پر تبصرہ کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ اور اسٹار کیمپنر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ پرشانت کشور کی کانگریس میں شمولیت اور ٹی آر ایس سے مفاہمت جیسے اُمور کا تعلق پارٹی ہائی کمان سے ہے لہذا وہ اس بارے میں تبصرہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرشانت کشور کی کے سی آر سے ملاقات پر تبصرہ کرنے کا تلنگانہ کے قائدین کو اس لئے بھی حق نہیں کیونکہ ہائی کمان سے پرشانت کشور راست طور پر ربط میں ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ واضح طور پر یہ بات کہنے کے موقف میں ہیں کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے ساتھ کانگریس کی مفاہمت نہیں ہوگی۔ راہول گاندھی نے پارٹی قائدین سے حالیہ ملاقات کے دوران اس بات کی وضاحت کردی تھی کہ ٹی آر ایس سے کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔ اسی دوران رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ پرشانت کشور کی کے سی آر سے ملاقات پر کانگریس کارکنوں کو الجھن کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ہائی کمان سے متعلق ہے اور ہائی کمان ہی اس مسئلہ کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرشانت کشور کی ملاقات سے کارکنوں میں اندیشوں کا پیدا ہونا فطری ہے لیکن یہ ہمارے اختیار سے باہر معاملہ ہے۔ کانگریس ہائی کمان اس معاملہ پر تبصرہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر سے تلنگانہ میں مفاہمت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ر