پرشانت کشور کے مشن 2024 کا آغاز ؟

   

ممبئی میں شرد پوار کے ساتھ ظہرانہ کے بعد قیاس آرائی
ممبئی ۔ سیاسی تجزیہ نگار و حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور نے آج ممبئی میں این سی پی کے سربراہ شرد پوار سے ظہرانہ پر ملاقات کی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ ملاقات چار گھنٹے طویل رہی جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ پرشانت کشور مشن 2024 ( آئندہ عام انتخابات ) کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں۔ بعد ازاں پرشانت کشور نے شام میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات بھی کی ۔ ذرائع نے کہا کہ پرشانت کشور نے شاہ رخ سے خیر سگالی ملاقات کی ہے کیونکہ یہ دونوں تین سال سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔ پرشانت کشور کی شرد پوار سے ملاقات کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ انہوں نے مشن 2024 کیلئے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے ۔ یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹکر دینے کیلئے اپوزیشن کے ایک مشترکہ امیدوار کو پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پرشانت کشور نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں مغربی بنگال میں ممتابنرجی کی اور ٹاملناڈو میں ایم کے اسٹالن کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ان کا کہنا ہے کہ جن قائدین نے ممتابنرجی اور اسٹالن کی حمایت کی تھی وہ اظہار تشکر کیلئے ان سے ملاقاتیںکر رہے ہیں۔