پرفیکٹ 10کیساتھ ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ سے جیتی سیریز

   

انٹیگا ۔3فروری (سیاست ڈاٹ کام) تیز گیندباز کیمار روچ اور کپتان جیسن ہولڈر کی شاندار بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کو انگلینڈ کو دوسری اننگز میں 132 رنز پر آل آؤٹ کرنے کے بعد جیت کے لئے ضروری 17 رن صرف 2.1 اوور میں بناکر 10 وکٹ سے دوسرا ٹیسٹ اپنے نام کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی میزبان ویسٹ انڈیز نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے ۔انگلینڈ کا کوئی بھی بلے باز دوسری اننگز میں 24 رنز سے زیادہ نہیں بنا سکا اور پوری مہمان ٹیم 42.1 اوور میں 132 رن ہی بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے اپنی دوسری اننگز میں محض 17 رنز کی ضرورت تھی جو کہ اس نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے آسانی سے حاصل کر لیا۔انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 24 رن جوس بٹلر نے بنائے ۔ کپتان جو روٹ صرف سات رن ہی بنا سکے ۔ روچ اور ھولڈر نے چار چار وکٹ لئے جبکہ الجاري جوزف نے دو کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔اس سے پہلے انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 187 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز میں 306 رن کا اسکور کرنے میں کامیاب رہی تھی۔ میزبان ٹیم نے پہلی اننگز کی بنیاد پر 119 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگز میں انگلینڈ کے کسی بھی بلے باز کو کریز پر ٹکنے کا موقع نہیں دیا اور مکمل انگلش ٹیم کو 132 رن پر سمیٹ دیا۔