پرنب مکرجی کی سرکاری اعزاز کیساتھ آخری رسومات

,

   

نئی دہلی: سابق صدر و بھارت رتن پرنب مکرجی کی آخری رسومات آج دہلی میں انجام دی گئیں۔ سرکاری اعزاز کے ساتھ لودھی اسٹیٹ شمشان گھاٹ پر پرنب دا کی چتا کو مکھ اگنی دی گئی۔ اس سے پہلے ان کا جسد خاکی آرمی ہاسپٹل سے ان کی سرکاری رہائش گاہ 10، راجاجی مارگ پر لایا گیا تھا، جہاں اہم شخصیات نے ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدرجمہوریہ رامناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ، چیف آف ڈیفنس اور تینوں افواج کے سربراہ اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر کوویڈ۔ 19سے متعلق سماجی فاصلہ اور دیگراحتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔ کورونا پازیٹو ہونے کی وجہ سے ان کی آخری رسومات میں بھی بہت کم لوگ شریک ہوئے۔ جو لوگ آخری رسومات میں شریک تھے ان سبھی نے پی پی ای کٹ پہنی ہوئی تھی۔ بیٹے ابھیجیت مکرجی نے والد کی چتا کو مکھ اگنی دی۔