نظام آباد۔26 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد مستقر مقام پر جنگلات کے عہدیداروں نے پالتو پرندوں اور جنگلی جانوروں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف خصوصی مہم کے تحت دھاوا کرتے ہوئے کاروائی کی۔ محکمہ جنگلات کو اطلاع ملی تھی کہ شہر کے مختلف علاقوں میں محکمہ جنگلات کی اجازت اور محکمہ مویشی پروری کے سرٹیفکیٹس کے بغیر پرندوں اور جنگلی جانوروں کی خرید و فروخت جاری ہے۔ اس اطلاع پر ایف ڈی او سدھاکر، ایف آر او سنجے گوڑ اور رادھیکا کی قیادت میں خصوصی ٹیم نے پیر کے روز تلاشی مہم شروع کی۔عہدیداروں نے شہر کے مالا پلی، گول ہنومان اور بودھن روڈ پر واقع پرندوں کی دکانوں پر اچانک دھاوے کئے۔ اس دوران مالا پلی کے ’’اینمل لَوَر شاپ‘‘ سے بڑی تعداد میں جنگلی پرندے ضبط کئے گئے جن میں چار جنگلی پرندے، 28 طوطے، تین رینڈ ایجز، نو ٹائٹر برڈ، چھ کانر اور تین پلانیٹ شامل ہیں۔ جنگلاتی پرندوں کی غیر قانونی فروخت کے باعث متعلقہ دکان کو فوری طور پر سیل کردیا گیا۔