پرندوں کی نگرانی کیلئے آر ایف ٹیم کی تشکیل

   

حیدرآباد :۔ ملک میں پرندوں میں انفلوئنزا کی وبا پھوٹ پڑنے کے پیش نظر نہرو زوالوجیکل پارک ( زو پارک ) کے ڈپٹی ڈائرکٹر کی نگرانی میں روزانہ کی اساس پر پرندوں پر نگرانی رکھنے کے لیے ایک ریاپڈ ایکشن فورس (RAF) ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ آر اے ایف کی اس ٹیم کی جانب سے پرندوں کے تمام علاقوں میں احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بشمول جراثیم کش ادویات کا چھرکاؤ اور ویٹیرینرینس ، بائیولوجسٹ اور انیمل کیپرس کے ذریعہ پرندوں کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ زو کے عہدیداروں کی جانب سے زو کے اندر ویٹ لینڈس میں جانے والے نقل مقام کرنے والے پرندوں پر نظر رکھی جارہی ہے اور ان کی نگرانی کی جارہی ہے اور تمام زو پارک میں چونے اور بلیچنگ پاوڈر کا چھرکاؤ بھی کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے تمام گوشت خور جانوروں کے لیے کچے چکن کو بھی روک دیا ہے اور اس کی جگہ انہیں بکرے کے گوشت کے چھوٹے ٹکڑے دئیے جارہے ہیں اور تمام نائٹ ہاوزس کی آہک پاشی کی گئی ہے ۔ زو کے باب الداخلہ ، سرویس گیٹ اور تمام انٹرنس ڈورس پر فینائل محلول رکھا گیا ہے ۔ زو کے عہدیداروں نے چڑیا گھر کے علاقہ اور اس کے اطراف میں ریفلیکٹنگ ( منعکس کرنے والے ) ربنس کا بھی انتظام کیا ہے اور پرندوں کے لیے سات دن تک فیڈ / مچھلی میں بی ۔ کامپلکس سیرپ اور اینٹی بائیوٹک پاوڈر فراہم کیا ہے ۔۔