حیدرآباد۔/5 فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اسماعیلی مسلم فرقہ کے عالمی روحانی پیشوا پدما وبھوشن آغا خاں کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے تعزیتی پیام میں کہا کہ اسماعیلی مسلمانوں کے رہنما کریم الحسین آغا خاں چہارم کی موت انسانیت کیلئے عظیم نقصان ہے۔ آغا خاں نے عالمی سطح پر سماجی جہد کار اور انسانیت نواز کی حیثیت سے اپنی شناخت بنائی تھی۔ آغا خاں نیٹ ورک کے تحت دنیا بھر میں کئی تعلیمی ادارے، ہاسپٹلس اور ثقافتی مراکز کے ذریعہ انسانیت کی خدمت کا کام جاری ہے۔ حیدرآباد میں آغا خاں کی تنظیموں کے ذریعہ غربت کا خاتمہ، ثقافتی ورثہ کا تحفظ، صحت عامہ اور تعلیمی میدان میں خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آغا خاں نے زندگی بھر انسانیت کا وقار بلند کرنے والی خدمات کا نہ صرف درس دیا بلکہ اس پر عمل پیرا رہے۔ انہوں نے آغا خاں کے افراد خاندان اور ان کے چاہنے والوں اور پیروکاروں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔1