پرنس مفخم جاہ بہادر نے تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کیا

   

Ferty9 Clinic

مرمتی اور تزئین نو کے کاموں پر اظہار اطمینان، نظام ششم اور نواب اعظم جاہ کی مزارات پر فاتحہ خوانی
حیدرآباد۔22 اپریل (سیاست نیوز) پرنس مفخم جاہ بہادر نے آج تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے تعمیر اور تزئین نو کے کاموں کا جائزہ لیا۔ پرنس مفخم جاہ بہادر تقریباً ایک گھنٹے تک مکہ مسجد میں رہے اور انہوں نے نہ صرف مدرسۃ الحفاظ بلکہ مقبرہ سلاطین آصفیہ اور مسجد کے اندرونی حصہ میں جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کاموں کی عاجلانہ تکمیل پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ کے گھر کی بہتر سے بہتر خدمت کی جانی چاہئے تاکہ مصلیوں کو زحمت نہ ہو۔ پرنس مفخم جاہ بہادر کا استقبال سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد جناب عبدالقدیر صدیقی نے کیا اور ان کی شال پوشی کی۔ پرنس کے ہمراہ ان کے سکریٹری اور نظام ٹرسٹ سے وابستہ عہدیدار موجود تھے جن میں سلطان محی الدین، محمد عباس اور اشفاق احمد شامل ہیں۔ پرنس نے مکہ مسجد کے اندرونی حصہ میں جاری مرمتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اندرونی حصہ میں 3 گنبدوں کے علاقے میں مرمتی کام جاری ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ رمضان المبارک تک دو گنبدوں کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد نے بتایا کہ چھت پر آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ماہرین کی جانب سے خصوصی سمنٹ اور گچی کو بچھانے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ اس طرح بارش کی صورت میں پانی چھت اور دیواروں کے ذریعہ اندرونی حصہ میں داخل نہیں ہوگا۔ تلنگانہ حکومت نے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ذریعہ اس کام کی تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ پرنس مفخم جاہ بہادر نے مقبرہ سلاطین آصفیہ کے چھت اور دیواروں کی تزئین نو پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے آصف جاہ ششم نواب میر محبوب علی خاں اور اپنے والد نواب اعظم جاہ بہادر کی مزارات پر فاتحہ خوانی اور گل افشانی کی۔ انہوں نے سلاطین آصفیہ کے خاندانوں کی مزارات کے نام کی تختیوں کو نصب کرنے کی ہدایت دی۔ اس سلسلہ میں تختیوں کی تنصیب کے طریقہ کار کو جلد قطعیت دی جائے گی۔ جناب عبدالقدیر صدیقی نے بتایا کہ مقبرے کے متولی نواب مفخم جاہ بہادر ہیں۔ انہوں نے تاریخی حوالوں سے مزارات اور دیگر تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ آثار مبارک کی عمارت نظام ٹرسٹ کے تحت ہے۔ پرنس مفخم جاہ بہادر کا مکہ مسجد آمد پر سرخ قالین استقبال کیا گیا اور پرنس نے ان سے ملاقات کے خواہاں افراد سے ملاقات بھی کی۔ پرنس کے جذبۂ خیرسگالی اور سادگی سے ہر کوئی متاثر ہوا۔ پولیس نے پرنس کی آمد پر انتظامات کیئے تھے۔ جناب عبدالقدیر صدیقی نے پرنس کو رمضان المبارک کے دوران مکہ مسجد کے انتظامات سے واقف کرایا۔