لندن۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) چہارشنبہ کے روز برطانیہ کے شاہی جوڑے کے ساتھ ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس کی انہوں نے توقع بھی نہیں کی تھی۔ پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ کو لے جانے والے کاروں کے قافلے کے سب سے آگے چلنے والی موٹر سائیکل کی زد میں ایک 83 سالہ خاتون آگئی اور اس وقت ہاسپٹل میں اس کی حالت غیرمستحکم بتائی گئی ہے۔ حادثہ کے وقت شاہی جوڑا اپنے وسطی لندن کی رہائش گاہ سے ونڈسر پیالیس جارہا تھا کہ موٹرس سائیکل سوار نے معمر خاتون کو ٹکر دے دی۔ دریں اثناء کینسنگٹن پیالیس سے جاری ایک بیان میں اس حادثہ پر شدید صدمہ کا اظہار کیا گیا ہے اور متاثرہ خاتون سے رابطہ بھی قائم کیا گیا جس کی شناحت آئرین کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عزت مآب پرنس اور پرنسیس نے معمر خاتون کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ خاتون کا علاج مکمل ہونے تک وہ مسلسل اس کیساتھ ربط میں رہیں گے۔ ساتھ ہی ساتھ متاثرہ خاتون کو بڑا گلدستہ بھی بھیجا گیا ہے۔ اسی دوران دی انڈیپینڈنٹ آفس فار پولیس کنڈکٹ (IOPC) نے کہا کہ اس حادثہ کی تحقیقات کی جائے گی۔ جاریہ سال جنوری میں پرنس ولیم کے دادا پرنس فلپ جو ملکہ ایلزبتھ دوم کے شوہر ہیں، بھی ایک کار حادثہ میں ملوث ہوئے تھے جب ان کی کار کی زد میں آکر دو خواتین زخمی ہوگئی تھیں۔