لندن ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے شاہی جوڑے پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن نے اپنی اعلٰی شاہی حیثیت سے دست بردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے اقدامات کرنا چاہتے ہیں۔ملکہ برطانیہ کے پوتے پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن نے مزید کہا کہ وہ اپنا زیادہ وقت شمالی امریکہ میں گزارنا چاہتے ہیں۔ برطانوی شاہی جوڑے نے ایک بیان میں کہا، ’’ہم شاہی خاندان کے سینئیر ارکان کی حیثیت سے دستبردار ہونے اور مالی طور پر خود مختار ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ ہم ملکہ عالیہ کی مکمل معاونت اور حمایت جاری رکھیں گے۔‘‘شاہی جوڑے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر بھی یہ اعلان پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی ماہ تک غور و فکر اور باہمی تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ شاہی جوڑے نے مزید کہا کہ اب وہ برطانیہ اور شمالی امریکہ میں اپنا وقت گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم وہ ’’ملکہ برطانیہ، دولت مشترکہ، اور شاہی خاندان کی سرپرستی”میں اپنے فرائض کی انجام دہی اور ان کا احترام کرتے رہیں گے۔