نیویارک: امریکی شہر اٹلانٹا کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ٹیک آف سے قبل ڈیلٹا ایئرلائنز کے مسافر طیارے بوئنگ 757 کا اگلا پہیہ الگ ہو گیا۔فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی رپورٹ کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائنز کا مسافر طیارہ پرواز کیلئے قطار میں کھڑا تھا جب اس کا نوز ویل (اگلا پہیہ) جہاز سے الگ ہو گیا۔ اس واقعے میں طیارے میں موجود 184 مسافر اور عملے کے چھ افراد محفوظ رہے۔بوئنگ 757 طیاروں میں ربڑ کے دو ٹائر ایک ساتھ جڑے ہوتے ہیں اور پرواز سے پہلے ان کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔طیارے بنانے والی کمپنی بوئنگ نے اس واقعے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور ڈیلٹا ایئرلائن سے سوال کرنے کی ہدایت کی۔دوسری جانب فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔