گاندھی، عثمانیہ اور کاکتیہ کالجس کے پی جی طلبہ، جونیر ڈاکٹرس کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 22 جون (سیاست نیوز) گاندھی، عثمانیہ اور کاکتیہ میڈیکل کالجس کے پی جی طلبہ اور جونیر ڈاکٹرس، پروفیسرس کی سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ وہ یہ بھی مطالبہ کررہے ہیں کہ اسسٹنٹ پروفیسر کے پوسٹس پر پی جی طلبہ اور جونیر ڈاکٹرس کے تقررات کئے جائیں۔ ڈاکٹر لوہیت جوڈا صدر۔ گاندھی ہاسپٹل نے کہا کہ ’’ہم ٹیچنگ ہاسپٹل اور میڈیکل کالجس میں رکروٹمنٹ کے عمل میں تیزی لانے کیلئے گذشتہ 6 روز سے احتجاج کررہے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اصل مطالبہ اسسٹنٹ پروفیسر کے پوسٹس پر تقررات کے عمل میں تیزی لانے کیلئے ہے۔ اس کی تقریباً 1400 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ نیز موجودہ اسسٹنٹ پروفیسرس، پروفیسرس کے ریٹائرڈ ہونے پر اسوسی ایٹ پروفیسرس بن جائیں گے لیکن اس کے بجائے پروفیسرس کی ریٹائرمنٹ عمر میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 58 سال سے 65 سال کردیا گیا ہے۔ جوڈا نے کہا کہ سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کسی سے مشورہ کئے بغیر کیا گیا ہے۔ موجودہ صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے جوڈا نے کہا کہ اگر موجودہ پروفیسرس کی سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کیا گیا تو حکومت کو آئندہ سات سال تک نئے بیاچ کا رکروٹمنٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس طرح وہ کیا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد آئندہ سات سال تک ہمارا تقرر نہیں ہوگا۔ گذشتہ دس سال سے ہم کو کوئی موقع نہیں ملا اور اب مزید سات سال تک وہ ہم کو کوئی موقع نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت آروگیہ تلنگانہ حاصل کرنا چاہتی ہے تو اسے بعجلت ممکنہ اسسٹنٹ پروفیسرس کے تقررات کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر وجیندر چیرمین، تلنگانہ جونیر ڈاکٹرس اسوسی ایشن نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہیکہ اسسٹنٹ پروفیسرس کے پوسٹس پر پی جی طلبہ اور جونیر ڈاکٹرس کے تقررات کئے جائیں اور کنٹراکٹ اساس پوسٹس کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔
