ہائیر ایجوکیشن کونسل کے اجلاس میں فیصلہ
حیدرآباد ۔ 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل نے یونیورسٹیز میں مخلوعہ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کا جائزہ لینے کیلئے امبیڈکر یونیورسٹی کے وائس چانسلر گھنٹا چکراپانی کی قیادت میں سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ صدرنشین ہائیر ایجوکیشن کونسل بالا کرشناریڈی نے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کا جائزہ اجلاس طلب کیا جس میں یونیورسٹیز کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔ یونیورسٹیز کے چیلنجس کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پروفیسرس جائیدادوں پر تقررات، کیریئر اڈانسمنٹ اسکیم کے علاوہ دیگر امور کا جائزہ لینے کیلئے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ ارکان کی حیثیت سے عثمانیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کمار ملگورام، مہاتما گاندھی یونیورسٹی کے وائس چانسلر خواجہ الطاف حسین کا انتخاب کیا گیا۔ مزید دو ماہرین کو معاون ارکان بنایا گیا۔ دراصل پروفیسر جائیدادوں پر تقررات کیلئے ماضی میں اسپیشل ریکروٹمنٹ بورڈ تشکیل دیا گیا۔ تاہم یہ بل فی الحال صدرجمہوریہ کے پاس زیرالتواء ہے جس کے تناظر میں حکومت اسپیشل کمیشن تشکیل دیتے ہوئے ان مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے۔ تشکیل دی گئی سہ رکنی کمیٹی کی رپورٹ پر حکومت قطعی فیصلہ کرے گی۔ معیار تعلیم میں اضافہ کرنے کیلئے اجلاس میں جائزہ لیا گیا۔ بالخصوص یونیورسٹیز میں ریاگنگ، تدریسی طریقہ کار کے علاوہ دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ یونیورسٹیز میں معیار تعلیم کو مؤثر بنانے کیلئے ایک اور کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وائس چانسلرس نے یونیورسٹیز میں فنڈز کی قلت پر روشنی ڈالی۔ مالی مسائل کی یکسوئی کیلئے صنعتوں سے وصول ہونے والے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلیٹی فنڈز، ارکان پارلیمنٹ کے فنڈز کو ترقیاتی کاموں کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔2