تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی ایوارڈ تقریب
وزراء محمد محمود علی ، پی ایشور اور رحیم الدین انصاری کی شرکت
حیدرآباد ۔ 13 نومبر ( راست ) تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے زیراہتمام 11نومبر کو مولانا آزاد کی یوم پیدائش کے موقع پر اردو مسکن میں منعقدہ ایک پُراثر تقریب میں پروفیسر بیگ احساس سابق صدر شعبہ اردو یونیورسٹی آف حیدرآباد کو مخدوم ایوارڈ برائے سال 2016 سے نوازا گیا ۔ یہ ایوارڈ ان کی اردو فکشن میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا جو مبلغ دو لاکھ روپیوں کے علاوہ توصیفی سند اور مومنٹو پر مشتمل ہے ۔اس تقریب میں گذشتہ چار سال کے ایوارڈس کی تقسیم عمل میں لائی گئی تھی ، جس کی صدارت جناب محمد رحیم الدین انصاری چیرمین تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے کی جبکہ محمد محمود علی وزیرداخلہ کے علاوہ پی ایشور وزیر اقلیتی بہبود نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی ۔ جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس سکریٹری / ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی نے ایوارڈ یافتگان کا تعارف پیش کیا ۔ پروفیسر بیگ احساس کا شمار عصر حاضر کے ممتاز افسانہ نگاروں میں ہوتا ہے ۔ ان کے افسانوی مجموعے ’’ دخمہ ‘‘ پر ساہتیہ اکیڈیمی نے ایوارڈ سے نوازا تھا جبکہ جشن ادب دہلی نے بہترین نثر نگار کا ایوارڈ پیش کیا ۔ حکومت تلنگانہ نے بھی انہیں بہترین نثر نگار کا ایوارڈ دیا تھا ۔ وہ ساہتیہ اکیڈیمی دہلی کی مجلس مشاورت اور کونسل برائے فروغ اردو زبان کی مختلف کمیٹیوں کے رکن بھی رہے ۔ ان کی شخصیت اور فن پر ملک اور بیرون ملک کے نمائندہ رسائل نے گوشے شائع کئے ۔ ان کے افسانوی کا ترجمہ انگریزی ، ہندی اور دوسری زبانوں میں ہوچکا ہے ۔ وہ بحیثیت مابعد جدید نقاد بھی اپنی شناخت قائم کرچکے ہیں۔ حیدرآباد سے شائع ہونے والے قدیم رسالے ’’ سب رس ‘‘ کے مدیر بھی ہیں ۔