حیدرآباد۔/6 اگسٹ، ( سیاست نیوز) علحدہ تلنگانہ کے نظریہ ساز پروفیسر جئے شنکر کی 90 ویں جینتی کے موقع پر اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار اور صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے خراج پیش کیا۔ اسمبلی کے احاطہ میں جینتی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اسپیکر اور صدرنشین نے پروفیسر جئے شنکر کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس موقع پر سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو، سابق زیڈ پی ٹی سی ٹی رام ریڈی اور اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے عہدیدار اور ملازمین موجود تھے۔ اسپیکر اسمبلی نے پروفیسر جئے شنکر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کا نوجوانوں میں جذبہ پیدا کرنے میں پروفیسر جئے شنکر کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر جئے شنکر نے ہمیشہ ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھائی اور علحدہ تلنگانہ تحریک ان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ صدر نشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام میں پروفیسر جئے شنکر کی مساعی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔1