پروفیسر شیخ عقیل احمد کے اعزاز میں آج خصوصی تقریب کا انعقاد

   

Ferty9 Clinic

وانمباڑی: الکوثر ریسرچ فاؤنڈیشن وانمباڑی نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمدکی ہمہ جہت خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں‘ رہنمائے کاروان اردو’ ایوارڈ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔واضح رہے کہ پروفیسر عقیل احمد ایک فعال و متحرک دانشور،سنجیدہ و بصیرت مند ناقد اور ہمہ جہت صلاحیتوں کی حامل شخصیت ہیں، وہ دو دہائی سے زائدعرصے سے دہلی یونیورسٹی کے ستیہ وتی کالج میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں اور گزشتہ تقریباً پانچ سالوں سے ہندوستان میں فروغ اردو کے سب سے بڑے ادارے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر کی حیثیت سے مصروفِ خدمات ہیں۔اردوادب، تنقیدو تحقیق کے مختلف موضوعات پر ان کی پندرہ کتابیں اور ہندی،اردو و انگریزی میں سو سے زائد مضامین شائع ہوچکے ہیں اور وہ درجنوں نیشنل اور انٹرنیشنل سمیناروں میں علمی،ادبی و تنقیدی موضوعات پر مقالات پیش کرچکے ہیں۔انھوں نے متعدد کتابوں کا ہندی سے اردو میں ترجمہ بھی کیا ہے ۔ اس کے علاوہ بحیثیت مہمان خصوصی،صدر جلسہ اور خصوصی مقرر کی حیثیت سے بھی انھوں نے ملک و بیرون ملک کے درجنوں سمینار، کانفرنس اور سمپوزیم و مذاکروں میں شرکت کی اور لیکچرز دیے ہیں۔2018میں کونسل کا ڈائریکٹربنتے ہی شیخ عقیل احمد نے یہ عہد کیا تھا کہ اردو کونسل کو کشمیر سے کنیا کماری تک پہنچانا ہے ۔آج ان کی کوششیں رنگ لاچکی ہیں اور مشرق سے مغرب اور شمال سے جنوب تک پورے ملک میں اردو زبان کا علَم لہرا رہا ہے ۔ ملک کی تمام ریاستوں میں اردو زبان کا بول بالا ہونے کے ساتھ اردو کی نئی بستیاں آباد ہورہی ہیں۔