سہارنپور؍نئی دہلی۔ 20 مئی ۔ (یواین آئی) اشوکا یونیورسٹی کے پروفیسر علی خان محمود آباد کو آپریشن سندور کے بارے میں اُن کے متنازعہ پوسٹ پر سونی پتھ کی ایک عدالت نے آج 14 روزہ عدالتی تحویل میں بھیج دیا جبکہ ہریانہ پولیس نے اُن کا 7 روزہ ریمانڈ چاہا تھا ۔ پروفیسر خان نے پہلگام حملے کے بعد پاکستان میں ہندوستان کی فوجی کارروائی پر سوشل میڈیا پر تبصرہ کیا تھا ۔ جمعیتہ علما ہند کے صدر و سابق ایم پی مولانا محمود مدنی نے بی جے پی اور اس کی ریاستی حکومتوں پر دہرا رویہ اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے پروفیسر علی خان کی گرفتاری کی سخت لفظوں میں مذمت کی ہے ۔انھوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے سینئر وزیر کنور وجئے شاہ کے خلاف بی جے پی قیادت نے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے نوٹس لینے کے باوجود کوئی کاروائی نہیں کی۔
بنگلہ دیشی شہری کو مشروط ضمانت
نئی دہلی، 20 مئی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے منگل کو بنگلہ دیشی شہری سمن شیخ کو مشروط ضمانت دے دی، جسے دسمبر 2023 میں ہندوستان۔بنگلہ دیش سرحد کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کی مبینہ دراندازی اور اسمگلنگ سے متعلق انسانی اسمگلنگ کے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔عدالت نے کہا کہ اس کیس کی سماعت میں طویل وقت لگ سکتا ہے اور مقدمے کی سماعت کے بغیر ملزم کو جیل میں رکھنے سے انصاف نہیں ہوگا۔
بنچ نے کہاکہ “ان حالات میں درخواست گزار کو غیر معینہ مدت تک جیل میں رکھنے سے فوجداری نظام انصاف کے لیے کوئی مقصد پورا نہیں ہوگا۔ اس لیے ہمارا خیال ہے کہ کیس کی خوبیوں پر کوئی رائے ظاہر کیے بغیر، درخواست گزار کو ضمانت پر رہا کر دیا جانا چاہیے ۔’’ضمانت دیتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے سخت شرائط عائد کی ہیں- درخواست گزار این آئی اے کی پیشگی اجازت کے بغیر کرناٹک نہیں چھوڑے گا، اس کا پاسپورٹ ضبط رہے گا اور اسے ہر ہفتے ایک بار این آئی اے کے دفتر میں رپورٹ کرنا ہوگی۔