پروفیسر عین الحسنین مولانا آزاد اردو یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر

   

ڈاکٹر جگدیشور راؤ کو یونیورسٹی آف حیدرآباد کی ذمہ داری، 12 وائس چانسلرس کا تقرر
حیدرآباد۔23 ۔جولائی (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اوریونیورسٹی آف حیدرآباد کے بشمول 12 سنٹرل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کا تقرر کیا ہے ۔ ڈاکٹر بی جگدیشور راؤ کو یونیورسٹی آف حیدرآباد وائس چانسلر مقرر کیا گیا ۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے تقرر کے احکامات جاری کئے ۔ جگدیشور راؤ فی الوقت تروپتی میں آئی ائی ایس ای آر کے ڈین کے عہدہ پر فائز ہیں۔ انہوں نے کئی تعلیمی اداروں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ 2007 ء میں یو ایس اے میں فل برائیٹ ویزیٹنگ پروفیسر بھی رہے ۔ امریکی یونیورسٹی سے بیالوجیکل سائنس میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ۔ ڈاکٹر جگدیشور راؤ آئندہ پانچ سال تک یونیورسٹی آف حیدرآباد کے وائس چانسلر کے عہدہ پر برقرار رہیں گے۔ سید عین الحسنین کو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا۔ عین الحسنین دہرہ دون وائیلڈ لائیف انسٹی ٹیوٹ میں سائنٹسٹ کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پروفیسر عین الحسنین نے کئی تعلیمی اداروں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ صدر جمہوریہ نے کرناٹک سنٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے پروفیسر بی ستیہ نارائنا کا تقرر کیا ہے ۔ ملک میں 22 سنٹرل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے عہدوں پر تقررات مکمل ہوچکے ہیں۔ 12 یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کا تقرر طویل عرصہ سے زیر التواء تھا۔ دیگر یونیورسٹیز کے مقرر کردہ وائس چانسلرس میں ٹی کمار (ہریانہ سنٹرل یونیورسٹی) ، ایس پرکاش بنسل (ہماچل پردیش سنٹرل یونیورسٹی) ، سنجیو جین (جموں سنٹرل یونیورسٹی) ، کے بی داس (جھارکھنڈ سنٹرل یونیورسٹی) ، ایم کرشنن (ٹاملناڈو سنٹرل یونیورسٹی) ، کامیشور ناتھ سنگھ (سنٹرل یونیورسٹی آف ساؤتھ بہار) ، پربھا شنکر شکلا (نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی) ، الوک کمار چکروال (گروششی داس یونیورسٹی) اور ایل لوکیندر سنگھ (منی پور یونیورسٹی) شامل ہیں۔